اراکین پنجاب اسمبلی نے تنخواہوں میں اضافے، ایل ای ڈیز کے بعد ٹیبلٹ دینے کا مطالبہ بھی کر دیا

بدھ 17 فروری 2016 22:46

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) اراکین پنجاب اسمبلی نے تنخواہوں میں اضافے، ایل ای ڈیز کے بعد ٹیبلٹ دینے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں اسمبلی رولز میں ترامیم کے دوران پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی آصف محمود نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایجنڈے کی پرنٹنگ پر بے پناہ اخراجات آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

جدید ٹیکنالوجی کے دور میں حکومت اراکین اسمبلی کو ٹیبلٹ اور یو ایس بیز فراہم کرے جس سے وہ نہ صرف ایجنڈے کو آسانی سے پڑھیں بلکہ اسے محفوظ بھی رکھا جا سکتا ہے ۔

علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید ، (ق) لیگ کی خدیجہ عمر اور (ن) لیگ کی حنا پرویز بٹ نے بھی پنجاب اسمبلی کے احاطے میں اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جائز تجویز ہے جسے مانا جانا چاہیے ۔ یاد رہے کہ اراکین اسمبلی حال ہی میں لاکھوں روپے مالیت سے ایل ای ڈیز اور اپنی تنخواہوں میں اضافے کے مطالبات بھی منوا چکے ہیں۔