پاکستان اسٹیل ملک میں فولادسازی کی صفت کا واحد ادارہ ہے ،جو ملکی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے، لطیف مغل

بدھ 17 فروری 2016 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ندیم بھٹو اور سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل نے پاکستان اسٹیل مل میں ادارے کی بندش اور تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے احتجاج کرنے پر پیپلز ورکرز یونین کے عہدیداروں، دھنی بخش سموں، سید نعیم الحق، محمد علی زرداری، چوہدری محمد سلیم گل، راجہ محمد فاروق، خالد محمود شاہد، نصیر احمد گل اور غلام شبیر سومرو سمیت 48 سے زائد ورکروں کو بلاجواز شوکاز نوٹس جاری کرنے اور چارج شیٹ دینے اور ٹرانسفر کرنے پر سخت احتجاج کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اسٹیل کی گیس بند کر کے ادارے کو جان بوجھ کر بند کررہی ہے جبکہ پاکستان اسٹیل کی پیداوار پچاس فیصد سے بھی بڑھ گئے تھی، لیکن موجودہ حکومت آئی ایم ایف بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی ایما پر پاکستان اسٹیل کو ایک ناکام ادارہ ثابت کر کے اس کی نجکاری کی راہ ہموار کررہی ہے،جبکہ پاکستان اسٹیل ملک میں فولادسازی کی صفت کا واحد ادارہ ہے جو ملکی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے اور ہزاروں خاندانوں کو روزگار فراہم کررہا ہے، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ مزدوروں کے یونین سازی کے حق کو اور اپنے مطالبات کی حمایت میں احتجاج کے حق کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اپنے ایک حالیہ فیصلے میں تسلیم کیا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا پیپلز ورکرز یونین کے رہنماؤں و کارکنوں کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کرنے پر شوکاز نوٹسز کا اجرا، چارج شیٹ جاری کرنا اور ٹیکنیکل اسٹاف کو سکیورٹی ڈپارٹمنٹ میں ٹرانسفر کرنا سراسر غیر قانونی اور محنت کشوں کے خلاف انتقامی کارروائی ہے۔ جس پر پیپلز پارٹی پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ کے خلاف سخت احتجاج کرے گی، انہوں نے پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر یونین کے رہنماؤں کے خلاف جاری کئے گئے نوٹس واپس لئے جائیں اور انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :