قانون بنانا اچھا ہے، صارفین کو تحفظ دینا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے،پاسبان

بدھ 17 فروری 2016 22:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء )پاسبان پاکستان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے آرگنائزرعبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے قانون بنانا اچھا ہے لیکن صارفین کو تحفظ دینا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے حکومت کو بجلی چوری کی سزا کے قانون کے نفاذ سے پہلے صارفین کی شکایات کا ازالہ اور صارفین کو بجلی کے محکموں باالخصوص کراچی کے عوام کو کے الیکٹرک کی لوٹ کھسوٹ سے تحفظ فراہم کرنا چاہتے تھا مگر حکومت نے بجلی صارفین کی شکایات کو نظر انداز کردیا اور بجلی کے محکموں باالخصوص کے الیکٹرک کو لوٹ کھسوٹ کا کھلا راستہ فراہم کیا ہے ۔

کے الیکٹرک پہلے ہی کراچی کے بجلی صارفین کو چور قرار دے کر غیر قانونی طریقوں سے اب تک اربوں روپے بٹور چکی ہے اور اس قانون کے یکطرفہ نفاذ سے بجلی صارفین کے الیکٹرک کے مظالم کا مزید شکار ہونگے۔

(جاری ہے)

وہ پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل میں آرگنائزنگ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ عبدالحاکم قائد نے اراکین کی مشاورت سے ڈسٹرکٹ سینٹرل نیوکراچی زون اور یوسیز کی کیبنٹ کا اعلان کیا۔

اعلان کے مطابق سید رضوان الحق نیو کراچی زون کے صدر ، اکرام قریشی نائب صدر اور آصف بخش ہیلپ لائن کے انچارج ہوں گے جبکہ یوسی 7مدینہ کالونی نیو کراچی کے صدر شاہ زیب ، نائب صدر جاوید قریشی ، جنرل سیکریٹری افسر علی اور یوسی 14، یوپی کے صدر آصف بخش ، نائب صدر محمد آصف ہوں گے ۔اس موقعہ پر محمد عرفان رانا ،خالد درانی و دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالحاکم قائد نے کہا کہ ا صولاً اگر کے الیکٹرک کی کوئی زیادتی ثابت ہوتو کے الیکٹرک کے ذمہ داران کے خلاف بھی کاروائی کا کوئی قانون بننا چاہئے مگر کے الیکٹرل کے دفاتر میں عملہ سے احتساب کا کوئی نظام موجود نہیں جس کی وجہ سے عوام کی شنوائی نہ ہونے اور صارفین کو ایوریج بل کے ذریعے لوٹنے کے اقدام کو دیکھتے ہوئے پاسبان نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں شکایتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا اور اب تک پاور ہاؤس چورنگی اور 5اسٹار چورنگی پر پاسبان شکایتی کیمپ لگا چکی ہے جہاں پر عوام کی بڑی تعداد نے اپنی شکایات درج کروائی اور پاسبان کے اس اقدام کو سراہا ،پاسبان نے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے کے الیکٹرک کی انتظامیہ سے رابطہ کیا مگر اب تک صارفین کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی جس پر پاسبان نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پاسبان بجلی صارفین کی شکایتوں کو کراچی میں ہونے والی نیپرا کی سماعت کے موقع پر پیش کرے گی اور بجلی صارفین کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔