قرآن مجید شان مصطفےٰ ؐ اور عظمت مصطفےٰؐ بیان کرتاہے،علامہ جہانزیب قادری

بدھ 17 فروری 2016 22:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء)مدرسۃ المریم کے مہتمم اور ممتازمذہبی اسکالر علامہ جہانزیب قادری نے مقامی ہال میں ماہانہ درس قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ قرآن مجید شان مصطفےٰ ؐ اور عظمت مصطفےٰؐ بیان کرتاہے، ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ فرماتی ہیں کہ حضورؐ کا چلنا، سونا، اٹھنا،بیٹھنا،بات کرناغرض ہر اداقرآن مجیدکے مطابق ہے۔

انہوں نے کہاکہ حضورؐ کی سنّت پر چلناقرآن پر عمل کرنے کے مطابق ہے۔انہوں نے کہاکہ ، اﷲ تعالی نے قرآن پاک میں فرمایا اس وقت کو یاد کرو جب ہم نے تمھاری مدد کی بدر میں، جب تم بالکل بے سروسامان تھے ،صحابہ کرام کو جب رسول اﷲ ؐنے جہا دکے لئے نکلنے کا فرما یا تو بھوک و بے سرو سامانی اور آلات جنگ وجدل کی کمی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے رمضان المبارک کے مہینہ میں مسلمان اﷲکے راستے میں جہاد کے لئے نکل پڑے،یہ اسی غزوہ بدرکا واقعہ ہے جو اسلامی تاریخ کا عظیم الشان معرکہ ہے جس میں اﷲ تعالی نے مسلمانوں کو عظیم الشان فتح عطا فرمائی،صحابہ کرام بے سرو سامانی کے عالم میں میدان جہاد میں اسلام کی سر بلندی کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑئے ہوگئے، وہ کفار جو اسلام کوختم کرنے کے لئے آئے تھے وہ خود نشان عبرت بن گئے، جذبہ شہادت سے سر شار مسلمانوں نے اپنے سے تین گنابڑے لشکر کفار کو تہس نہس کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر آج بھی ہم اﷲ اور رسول اﷲؐ کے فرمانبردار بن جائیں تو عظمت رفتہ کے حق دار بن سکتے ہیں اور اگر ہم نے دنیاپرستی کی موجودہ روش نہ چھوڑی تو ہماری حالت دنیا کی کوئی طاقت نہیں بدل سکتی۔درس قرآن میں عوام اہلسنّت سمیت اہم شخصیات کی بڑی تعدادبھی شریک تھی۔