ہائیکورٹ نے حکومت کو میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے انجمن حمایت اسلام سکول کی اراضی ایکوائر کرنے سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا

بدھ 17 فروری 2016 21:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے انجمن حمایت اسلام سکول کی اراضی ایکوائر کرنے سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا ،فاضل عدالت نے اورنج لائن منصوبے کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی سے تحفظ کے لیے درخواست پر بھی نوٹس جاری کردیئے ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے اورنج میٹرو ٹرین لائن منصوبے کیخلاف دو مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ حکومت منصوبے میں تبدیلی کرکے انجمن حمایت اسلام سکول کی اراضی ایکوائر کررہی ہے۔ سکول کی تاریخی نوعیت ہے اور اراضی ایکوائر کرنے سے سکول عمارت کو نقصان ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہائیکورٹ نے اورنج لائن منصوبے کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی الودگی کے خلاف درخواست پر ایل ڈی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔سول سوسائٹی کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤحکومت کی ذمہ داری ہے لیکن کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ سول سوسائٹی نے استدعا کی شہریوں کو ماحولیاتی آلودگی سے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔