وزیراعظم محمد نوازشریف کی سی ڈی اے کو جلد اپنی ریسکیو سروسز کا دائرہ کار پورے اسلام آباد تک پھیلانے کی ہدایت

بدھ 17 فروری 2016 21:43

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 فروری۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے وفاقی ترقیاتی ادارے کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد اپنی ریسکیو سروسز کا دائرہ کار پورے اسلام آباد تک پھیلائیں۔ وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے مشاہدہ میں یہ بات آئی کہ سی ڈی اے کی ریسکیو سروسز صرف شہری حدود میں دی جا رہی ہیں جس پر انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس کا دائرہ کار وفاقی دارالحکومت کے تمام علاقوں تک پھیلایا جائے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کے شہر میں بسنے والوں کے ساتھ ساتھ میونسپل حدود سے باہر رہنے والی آبادی بھی یکساں اہمیت کی حامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی ڈی اے کے چیئرمین فوری طور پر ریسکیو سروسز کیلئے دستیاب فیزیکل و انسانی وسائل کے جائزے کیلئے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 پنجاب لاہور کے ساتھ مشاورت کریں اور جامع توسیع منصوبے پر 3 ماہ میں مثبت پیش رفت کے ساتھ عملدرآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضروری ہو تو ریسکیو سروسز کے تمام عملہ کو ریسکیو 1122 اکیڈمی لاہور میں خصوصی پیکیج کے تحت ریفریشر کورس کرائے جائیں جبکہ نئے بھرتی ہونے والوں کیلئے بھی اسی اکیڈمی میں تربیت کا اہتمام کیا جائے۔