وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتی اور چوری کی مختلف وارداتیں،شہری زیورات،موٹرسائیکل ،لاکھوں کی نقدی سے محروم

بدھ 17 فروری 2016 20:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء ) وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتی اور چوری کی مختلف وارداتوں کے دوران شہریوں کو طلائی زیورات ، موٹر سائیکل ، بانڈز ، موبائل فونز اور نقدی سمیت 12لاکھ روپے سے زائد مالیت کے دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا گیا ۔تھانہ کراچی کمپنی پولیس کو ذوالفقار احمد نے بتایا کہ اس کے گھر سے طلائی زیورات ، نقدی اور بانڈز چوری کرلئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

مدعی نے گھریلو ملازمات آسیہ اور عائشہ پر شک ظاہر کیا ہے کہ چوری انہوں نے کی ہے ، تھانہ شالیمار پولیس کو آصف خان نے بتایا کہ نامعلوم چور اس کے گھر سے نقدی اور تین موبائل فون چوری کر کے لے گئے ۔ تھانہ آئی نائن پولیس کو شمس الحق نے بتایا کہ نامعلوم چور اس کے گھر سے نقدی اور لیپ ٹاپ کل مالیت 1لاکھ 90ہزار روپے چوری کر کے لے گئے ۔ تھانہ سبزی منڈی پولیس کو ثاقب خان نے بتایا کہ نامعلوم چور اس کے گھر سے اس کا موٹر سائیکل نمبرRIK-5378چوری کر کے لے گئے ہیں ۔ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ۔