ادویات کی قیمتوں میں اضافہ غریبوں کے ساتھ ظلم ہے، حکومت قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کے لئے اقدامات کرے

فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر راشد محمود سدھے میاں کی بات چیت

بدھ 17 فروری 2016 20:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء ) فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر راشد محمود سدھے میاں نے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ غریبوں کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں من مانے اضافے کے بعد ہول سیل مارکیٹ سے جان بچانے والی ادویات غائب ہو چکی ہیں جبکہ منافع خور مصنوعی قلت پیدا کر کے مریضوں کو مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مہنگائی کے دور میں غریب عوام کے لئے دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہو چکا ہے، اس صورت حال میں انہیں سستے علاج کی سہولتوں سے محروم کرنا انتہائی افسوس ناک اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی کے باعث مریض پہلے ہی باہر سے ادویات خریدنے پر مجبور ہیں لیکن ادویات مہنگی ہونے سے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ حکومت کے پاس غیر ضروری معاملات کے لئے وقت ہے مگر عوامی مسائل پر غور کر کے انہیں حل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ادویات کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ واپس لینے کے لئے فوری اقدامات عمل میں لائے اور ادویہ ساز کمپنیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ حکومتی پالیسی کے بغیر قیمتوں میں اضافہ نہ کریں۔