منصوبہ شروع کرنے کے بعد پنجاب اسمبلی میں بحث کرواناڈھونگ ہے ‘ عوامی تحریک

اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور کی ترقی،ماحول اور تاریخی حسن کا دشمن منصوبہ ہے ‘خرم نواز گنڈا پورو دیگر کا ردعمل

بدھ 17 فروری 2016 20:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور ،چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید اور چیف کوآرڈینیٹر حنیف مصطفوی نے اورنج لائن منصوبہ پر پنجاب اسمبلی میں بحث کروانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پورے پنجاب کی پسماندگی کو نظر انداز کر کے لاہور کی چند سڑکوں کیلئے قومی دولت کو جھونکا جا رہا ہے ، دو سو ارب کے اس منصوبے پر تعلیم ،صحت اور دوائیوں کے فنڈز لگانا عوام دشمنی کی انتہا ہے۔

شہباز حکومت کوئی بھی منصوبہ شروع کرنے سے پہلے اسمبلی کو اعتماد میں نہیں لیتی، اورنج لائن لاہور کی ترقی،ماحول اور تاریخی حسن کا دشمن منصوبہ ہے جس سے شالا مار کا تاریخی عالمی اثاثہ بری طرح متاثر ہو گا ،منصوبہ شروع کر نے کے بعد پنجاب اسمبلی میں بحث کروانا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

2سو ارب سے پنجاب کی 37ہزار کلو میٹر فارم ٹو مارکیٹ سڑکیں دو بار تعمیر کی جا سکتی ہیں ،ایک طرف ریلوے،پی آئی اے اور حکومتی کارپوریشنوں کو پرائیوٹائز کیا جا رہا ہے ،دوسری طرف میٹرو بس اور اورنج لائن منصوبے گورنمنٹ اپنے وسائل سے چلانے پر بضد ہے ،شہباز حکومت کے اورنج لائن منصوبے کے باعث ہزاروں خاندانوں کا کاروبار اور رہائش متاثر ہو رہی ہے ۔

لاہور کے کسی ایک شہری نے اورنج لائن جیسے فینسی منصوبے کی خواہش نہیں کی ،کمیشن اور کک بیکس کیلئے یہ منصوبے شروع کئے جاتے ہیں ۔