وزیراعلیٰ پنجاب سے بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور ،دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

دونوں ملکوں کی قیادت باہمی تعلقات مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہیں،بھارتی ہائی کمشنر،موٹر وے ودیگر عوامی منصوبوں کی تعریف

بدھ 17 فروری 2016 20:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بھارت کے ہائی کمشنر گوتم بمبا والے نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراوردوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے بھارتی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو اچھے ہمسایوں کی طرح رہنا ہے ۔

جنگ کسی مسلئے کا حل نہیں،غربت ،بے روزگار ی اورافلاس پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کے عوام کے مشترکہ دشمن ہیں۔امن کا راستہ اپنا کرہی اس مشترکہ دشمن کو شکست دی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی ترقی اور خوشحالی کا راز اچھے تعلقات میں مضمر ہے۔پاکستان اور بھارت کو بامقصد بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی طرف تسلسل کیساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاصلے کم کرنے کیلئے وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے اورعوامی روابط میں اضافہ ضروری ہے ۔دونوں ملکوں کو اپنے وسائل عوام کی فلاح اور خوشحالی کی طرف موڑنا ہے ۔ دونوں ملکوں کو تعمیری انداز میں مثبت ماحول میں امن کے راستے کو آگے بڑھاناہے ۔بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت باہمی تعلقات مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہیں ۔ دہلی میں میٹروٹرین پر بھی تنقید ہوئی لیکن اس منصوبے نے عوام کو بے پناہ سہولت دی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میٹروٹرین کی کامیابی کے بعد بھارت کے دیگر شہروں میں بھی ایسے منصوبے لگ رہے ہیں۔بھارتی ہائی کمشنر نے موٹر وے اوردیگر عوامی منصوبوں کو سراہا۔