لاہور ہائیکورٹ ،ن لیگ ن کی طرف سے لاہور کے ممکنہ میئر اور یونین کونسل107 سے چیئرمین خواجہ احمد حسان کی نا اہلی کی درخواست مستر د

بدھ 17 فروری 2016 19:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء) ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خالد محمود خان نے مسلم لیگ ن کی طرف سے لاہور کے ممکنہ میئر اور یونین کونسل ایک سو سات سے چیئرمین خواجہ احمد حسان کی نا اہلی کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے مستر د کر دی۔درخواست پر لاہور ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے درخواست کے ہمراہ الیکشن کمیشن کا نو ٹیفکیشن کی کاپی ساتھ نہ لگانے کا اعتراض لگایا تھا۔

دوران سماعت درخواست گزار کے درخواست تحریک انصاف کے رہنما زبیر خان نیازی کے وکیل شیراز ذکاء نے موقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس نے خواجہ احمد حسان کی کا میابی کا الیکشن کمیشن کے نو ٹیفکیشن نہ ہونے کی و جہ سے درخواست مسترد کر دی تھی۔اب الیکشن کمیشن کے افسر نو ٹیفکیشن کی کاپی دینے کے عوض پیسے مانگتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے درخواست گذار کے وکیل سے کہا کہ سرکاری افسروں پر پیسے مانگنے کا الزام لگانا اب روایت بن چکا ہے۔

عدالتی سماعت کے دوران درخواست گذار کے وکیل شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا تھا کہ ہائیکورٹ نے ان کی پہلی درخواست یہ کہتے ہوئے نمٹا دی تھی کہ ابھی خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ہی جاری نہیں ہوا تاہم اب الیکشن کمیشن نے خواجہ احمد حسان کی یوسی ایک سو سات سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ ستائیس کے تحت کوئی بھی سرکاری افسر یا سرکاری عہدے پر رہنے والا شخص ریٹائرمنٹ یا استعفیٰ کے دو سال تک بلدیاتی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا لیکن خواجہ احمد حسان لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت مختلف سرکاری اداروں میں بڑے عہدوں پر فائض رہے اور تمام مراعات لیتے رہے اور انہوں نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ بھی لیا ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ خواجہ احمد حسان کو نااہل قرار دیا جائے۔

عدالت نے درخواست گذار کے دلائل سْننے کے بعد رجسٹرار آفس کی طرف سے درخواست کے ہمراہ خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ساتھ نہ ہونے کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے دائر درخواست مستر د کر دی۔