سول وعسکری اداروں کے درمیان بہترین روابط کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری ہوئی ‘ گورنر پنجاب

حکومت نے معاشی ترقی کے لیے اہم اور مشکل فیصلے کیے، پاکستان کے زرِمبادلہ کے ذخائر 20کروڑ سے تجاوز کر چکے ہیں ملک محمد رفیق رجوانہ کا پاکستان نیشنل فورم کے وفد سے خطاب ،گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خاں نے بھی ملاقات کی

بدھ 17 فروری 2016 17:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت نیشنل کریکٹر پیدا کرنے کی ہے، ہم سب کواپنے حقوق سے زیادہ فرائض پر توجہ دینا ہو گی ،پاکستان نے ہمیں شناخت ،عزت، وقاراور زندہ قوم ہونے کا پورا حق دیا ہے ، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس ملک کی ترقی ،سلامتی اور مضبوطی کے لیے اپنا بھرپور عملی کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر پاکستان نیشنل فورم کرنل (ر) اکرام اﷲ کی قیادت میں آئے ہوئے وفد کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا، جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول، سابق چیف جسٹس شیخ محمد ریاض، سابق سپیکر قومی اسمبلی فخر امام اورجنرل (ر) محمد فاروق کے علاوہ قومی اداروں کی ریٹائرڈاعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پر عزم ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے باگ دوڑ سنبھالی پاکستان اس وقت توانائی ،مہنگائی ،بے روزگاری سمیت لاتعداد بحرانوں کے بھنور میں پھنسا ہوا تھا ،وراثت میں ملنے والے بحرانوں سے حکومت احسن طریقے سے نبرد آزما ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اہم قومی ایشوز پر سیاسی اور فوجی قیادت کو ایک پیج پر اکٹھا کیا اور ضرب عضب ،نیشنل ایکشن پلان جیسے پروگرام شروع کیے جو انتہائی کامیابی اور کامرانی کے ساتھ جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول وعسکری اداروں کے درمیان بہترین روابط کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف ملک میں بجلی کے منصوبوں کی بر وقت تکمیل بجلی کی پیداواری لاگت اور لوڈ شیڈنگ کو کم کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے قطر کے ساتھ معاہدہ ایل این جی سنگِ میل ثابت ہو گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے معاشی ترقی کے لیے اہم اور مشکل فیصلے کیے، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کی ہے تاکہ معاشی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کے زرِمبادلہ کے ذخائر 20کروڑ سے تجاوز کر چکے ہیں۔گورنر نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے کی بہتری اور ترقی کے لیے انقلابی اصلاحات لارہی ہے جبکہ صحت ،تعلیم اور پینے کا صاف کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں۔

اس موقع پر وفد کے شرکاء نے گورنر پنجاب کو امن وامان، عدلیہ کے نظام،قومی سلامتی کے امور اور سکیورٹی کے حوالے سے اپنی مختلف آراء اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ صدر پاکستان نیشنل فورم کرنل (ر) اکرام اﷲ نے گورنر پنجاب کو بتایاکہ پاکستان نیشنل فورم کا ہر ماہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہوتا ہے اور اہم قومی معاملات سے متعلق اجلاس کی رپورٹ کو ریکارڈ میں لاتا ہے اور یہ تجاویز وزیراعظم،چیف آف آرمی سٹاف ، وزراء اعلیٰ اور گورنرز کو بھی ارسال کی جاتی ہیں۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی فخرامام،سابق چیف جسٹس شیخ محمد ریاض نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات میں ملکی سکیورٹی ،عدلیہ اور شعبہ زراعت کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔قبل ازیں، گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خاں نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔