اے این ایف نے کراچی میں کنٹینر سے 4ٹن چرس اور 16.2ٹن ممنوعہ کیمیائی مواد برآمد کر لیا

منشیات ہانگ کانگ سے لائی گئی، اسے افغانستان سمگل کیاجانا تھا ،ترجمان اے این ایف

بدھ 17 فروری 2016 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء) محکمہ انسدا دمنشیات (اے این ایف) نے کراچی میں خفیہ اطلاعات پر کی گئی دو کامیاب کارروائیوں کے دوران اعلیٰ معیار کی 4ٹن چرس اور 16.2ٹن ایسیٹک این ہائیڈرائیڈ (ممنوعہ کیمیائی مواد) برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف کراچی نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے حب ریور روڈ ،کراچی پر ایک آئل ٹینکر کو قبضے میں لے کر اس کی تلاشی کے دوران اس میں چھپائی گئی 4000کلوگرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کر لی۔

چرس گاڑی کے مختلف حصوں میں چھپائی گئی تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ، منشیات کی یہ کھیپ کراچی اور صوبہ سندھ کے دیگر اضلاع میں مقامی استعمال کی غرض سے پہنچائی جا رہی تھی۔ گاڑی میں سوارایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

اے این ایف کراچی نے اطلاعات پر مبنی ایک اور کاروائی کے دوران انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل ، کراچی سے ایک کنٹینر کو قبضے میں لے کر اس میں موجود 16.2 ٹن ایسیٹک این ہائیڈرائیڈ ( ممنوعہ کیمیائی مواد )برآمد کر لیا۔

مذکورہ کیمیائی مواد 600کنستروں میں بند کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، یہ کنٹینر ہانگ کانگ سے لایا گیا تھا اور افغانستان روانہ کیا جانا تھا۔ضبط شدہ کیمیائی مواد ہیروئن کی تیاری میں اہم جزو کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔دونوں مقدمات اے این ایف تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :