کم عمر بچیوں کی شادی کی روک تھام یونین کونسلوں سے عمر کی تصدیق کے بعد تاریخ پیدائش کی سند کے اجراء سے بھی ممکن ہے،عبدالحفیظ لغاری

بدھ 17 فروری 2016 17:14

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء)اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد عبدالحفیظ لغاری نے کہا ہے کہ کم عمر بچیوں کی شادی کی روک تھام یونین کونسلوں کے سیکریٹریوں کی جانب سے عمر کی تصدیق کے بعد تاریخ پیدائش کی سند کے اجراء سے بھی ممکن ہے اس لئے یو سی سیکریٹریوں کو چاہئے کہ مکمل تصدیق کے بعد ہی تاریخ پیدائش کی سند جاری کریں ۔

یہ بات انہوں اپنے دفتر میں تعلقہ حسین بخش مری اور تعلقہ شجا ع آباد میں کم عمر بچیوں کی شادی کی روک تھام کے سلسلے میں متعلقہ یونین کونسلوں کے سیکریٹریوں سے آگاہی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر بچیوں کی شادی کی روک تھام کیلئے یونین کونسلوں کے رجسٹرڈ نکاح خواوٴں کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ نکاح پڑھاتے وقت بچیوں کا قومی شناختی کارڈ اور عمر کی ضرور تصدیق کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس اجلا س کا مقصدمیرپورخاص ضلعے کے دیہی علاقوں میں کم عمر بچیوں کی شادی کی روک تھام کیلئے یو سی سیکریٹریوں کے کردار کو فعال بنانا ہے ۔ اس موقع پر بانھ بیلی این جی او کے کوآرڈینیٹر محمد بخش کپری نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں کم عمر بچیوں کی شادی کی روک تھام کیلئے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں ہر فرد کو اپنا اپنا کردار اداکرنا ہوگاتا کہ اس ظلم سے بچیوں کو بچایا جا سکے ۔ اجلاس میں تعلقہ حسین بخش مری کے اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانہیو، تعلقہ حسین بخش مری اور تعلقہ شجاع آباد کے یو سی سیکریٹریوں ، بانھ بیلی این جی او کی انجم شہزادی، علی حسن نون اور دیگر نے شرکت کی۔