جامعہ کراچی میں بم کی جھوٹی اطلاع سے طلباء میں خوف و ہراس پھیل گیا

نامعلوم افراد نے 15مدد گار پر بم نصب کرنے کی اطلاع دی ،بم ڈسپوزل اسکواڈ نے یونیورسٹی کی سرچنگ کرکے اسے کلیئر قرار دیدیا

بدھ 17 فروری 2016 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) جامعہ کراچی میں بم کی جھوٹی اطلاع سے طلباء میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے یونیورسٹی کی سرچنگ کرکے اسے کلیئر قرار دے دیا ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کی سب سے بڑی جامعہ کراچی میں بدھ کو نامعلوم افراد کی جانب سے 15مدد گار پولیس 3بم نصب ہونے کی اطلاع دی گئی جس پر یونیورسٹی میں جاری بک فیئر روک تمام طلباء کو باہر نکال دیا گیا اور بم ڈسپوزل طلب کرلیا گیا ۔

بی ڈی ایس نے مکمل تلاشی کے بعد ہال کو کلیئر قرار دے دیا اور کہا کہ کوئی بم برآمد نہیں ہوا ہے ۔اس ضمن میں ایس پی گلشن اقبال نے کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جامعہ کراچی کو کلیئر قرار دے دیا ہے تاہم بم کی جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں متعدد افراد سے رابطہ کیا گیا ہے جنہوں نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ پولیس کی ہرممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہیں ۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی سکیورٹی پر پہلے بھی متعدد سوالات اٹھائے جاچکے ہیں ۔جامعہ کراچی کی چار دیواری مختلف مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ اس کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی کے مناسب انتظامات نہیں ہیں ۔یونیورسٹی سے نکلنے والے طلباء کو نشاندہی کے بعد اسلحہ کے زور پر لوٹنے کی بھی متعدد وارداتیں ہوچکی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :