محکمہ داخلہ نے سرکاری ،پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ کے تفریحی دوروں کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا

تعلیمی ادارے دیگر صوبوں کے دورے کی صورت میں محکمہ داخلہ سے سکیورٹی کلیئرنس لینے کے پابند ہوں گے ‘ ذرائع

بدھ 17 فروری 2016 16:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء)محکمہ داخلہ نے سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ کے تفریحی دوروں کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ،تعلیمی ادارے دیگر صوبوں کے دورے کی صورت میں محکمہ داخلہ سے سکیورٹی کلیئرنس لینے کے پابند ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے طلبہ کے تفریحی دوروں کے حوالے سے نیا ایس او پی جاری کردیا ہے اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن اور سکولز ایجوکیشن کو اس پر سختی سے عملدرآمد احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔

نئے احکاما ت کے مطابق تعلیمی ادارے اس طرح کا کوئی بھی پروگرام ترتیب دینے سے قبل محکمہ ہائر ایجوکیشن اور سکولز ایجوکیشن کو آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے۔

(جاری ہے)

دورے سے قبل طلبہ کی فہرست ای ڈی اوز ،ڈی پی اوز سمیت پولیس حکام کو ارسال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ تفریحی جگہ کے انتخاب پر طلبہ کی سکیورٹی کے لئے متعلقہ اضلاع کی پولیس انتظامات کرے گی۔

دیگر صوبوں میں طلبہ کے تفریحی سفر سے متعلق محکمہ داخلہ سے سکیورٹی کلیئر نس لینالازم ہوگا ۔ تفریحی دورہ کے انچارج کے پاس ڈی سی او ، ڈی پی او اور دیگر ہنگامی نمبرز جبکہ تفریحی ٹورز کیلئے طلبہ کے والدین کی رضا مندی کا خط اور رابط نمبر بھی موجود ہونا چاہیے ۔ذرائع کے مطابق ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ایس او پی پر عملدرآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف متعلقہ محکمے سخت کارروائی عمل میں لائیں ۔