نیب نے شیر کی دم پر ”پاؤں“ رکھا تو رانا ثناء اللہ چیخ اٹھے،شرمیلا فاروقی

بدھ 17 فروری 2016 14:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء) پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ نیب نے شیر کی دم پر ”پاؤں“ رکھ دیا ہے اس لئے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ چیخ اٹھے ہیں،سندھ میں نیب نے کارروائیاں کیں تو سب تعرفیں کرنے لگے اور جب پنجاب کی باری آئی تو نیب کیخلاف وزیر اعظم کھڑے ہوگئے، لاہور میں کراچی طرز کا آپریشن ہونا چاہیے کیونکہ پنجاب کے حالات کراچی سے بھی بدتر ہیں،جمعرات کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پنجاب میں بڑے بڑے منصوبے شروع کئے گئے ،میٹرو بس ،اورنج لائن ٹرین اور دیگر منصوبوں کی شفافیت کیلئے احتساب ضروری ہے ،نیب کئی عرصہ سے سندھ میں کارروائیاں کررہا ہے جس پر ہم نے کئی بار احتجاج کیا لیکن کوئی ٹس سے مس نہیں ہوا لیکن آج نیب نے شیر کی دم پر پاؤں رکھ دیا ہے تو سب کی آوازیں نکلنا شروع ہوگئی ہیں، ایک سوال کے جواب میں شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پنجاب میں نیب کارروائی کیوں نہیں کر سکتا ؟کیا نیب صرف سندھ کیلئے بنایا گیا ہے؟کراچی کے حالات لاہور سے بہت اچھے ہیں ،پنجاب میں کراچی طرز کا رینجرز آپریشن ہونا چاہیے ،ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نیب نے شیر کی دم پر پاؤں رکھا ہے تو رانا ثناء اللہ کی چیخیں نکل گئیں ہیں ،رانا ثناء اللہ وزیر اعظم کی نیب متعلق گفتگو کو آگے لیکر بڑھ رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اگر چور کی داڑھی میں تنکا ہے وہ تو ضرور چیخے گا۔