سپر لیگ میں اچھے اسپنرز نہ ملے تو اس کا مقصد فوت ہوجائیگا ، عبدالقادر

بدھ 17 فروری 2016 12:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء) پاکستان کے سابق عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر نے کہا کہ اگر پی ایس ایل پاکستان کو شدت سے درکار پانچ اچھے بلے باز پیدا کرنے میں ناکام رہی تو اس کے انعقاد کا مقصد فوت ہو جائے گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس بات کا اندازہ ہونا چاہیے کہ ہمارے ہاں قدرتی طور پر اچھے باوٴلرز پیدا ہوتے ہیں۔

آپ مجھے لیگ کے اختتام پر پانچ اچھے مقامی بلے با دکھا دیں اور میں اس لیگ کو کامیاب قرار دے دوں گا۔'بصورت دیگر اسے پاکستان کرکٹ میں موجود خرابیوں سے شائقین کی توجہ ہٹانے کا ایک حربہ ہی قرار دیا جا سکتا ہے۔اس وقت پی ایس ایل میں بلے بازوں کی فہرست میں غیر ملکی کھلاڑیوں کا پلہ بھاری ہے جہاں روی پوپارہ، تمیم اقبال اور کیمرون ڈیلپورٹ کامیاب ترین بلے باز ہیں جس کے بعد پاکستان احمد شہزاد اور عمر اکمل کا نمبر آتا ہے۔

(جاری ہے)

70 اور 80 کی دہائی میں لیگ اسپن کے فن کو ازسرنو زندہ کرنے والے 60 سالہ کھلاڑی کے مطابق پی ایس ایل کیلئے کچھ عرصہ انتظار کرنا چاہیے تھا اور اس کے انعقاد سے قبل ملک میں کرکٹ کو درپیش مسائل کو حل کیا جانا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تمام چیزوں کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔عبدالقادر نے سابق کپتانوں وسیم اکرم اور رمیز راجہ کو لیگ کا سفیر بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر فرائض بھی ادا کرنے کرنے کی اجازت دینے پر بھی حیرانی کا اظہار کیا۔

وسیم اکرم فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ جبکہ رمیز راجہ کرکٹ کمنٹیٹر کے فرائض بھی ادا کر رہے ہیں۔سابق لیگ اسپنر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس لیگ کی طاقت کا اندازہ لگانے کیلئے کوئی منصوبہ بنانا چاہیے تھا اور اسے مقامی نوجوان کھلاڑیوں کیلئے پلیٹ فارم بنانا چاہیے تھا۔'بورڈ کو ہر ٹیم میں مقامی نوجوان کھلاڑیوں کھلانا چاہیے تھا اور وہ یقیناً ان میں سے کسی کو مستقبل کیلئے ڈھونڈ لیتے۔

میں ذاتی طور پر نئے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کی ٹیموں کا کپتان بناتا کیونکہ شاہد آفریدی اور مصباح الحق جلد ریٹائر جائیں گے'۔عبدالقادر اس موقع پر پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کے خیالات سے متفق نظر آئے جنہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور ایشیا کپ کیلئے منتخب کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں تواتر سے مواقع نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کی تھا۔

متعلقہ عنوان :