وہاڑی،لڈن کے رہائشی پینے کے صاف پانی سے محروم

دیرینہ مطالبہ پوراکرکے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے تاکہ شہری موذی امراض کاشکارہونے سے بچ سکیں،اہل علاقہ

منگل 16 فروری 2016 20:58

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 فروری۔2016ء) 60ہزار کی آبادی پرمشتمل قصبہ لڈن پینے کے صاف پانی سے محروم، واٹر سپلائی کے پائپوں میں سیوریج کاگندہ پانی مکس ہوجانامعمول ہے فلٹریشن پلانٹ عوام کی ضروریات پوری نہیں کرپارہاپانی کی ناکافی سہولیات کی وجہ سے سینکڑوں افراد ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریوں کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ انتظامیہ مبینہ طورپر چشم پوشی سے کام لے رہی ہے آبادی کے لحاظ سے لڈن ضلع وہاڑی کا چوتھا بڑا قدیمی قصبہ ہے جس کی آبادی ساٹھ ہزار نفوس پر مشتمل ہے لیکن یہاں کی عوام بنیادی ضروریات میں اہم ضرورت پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں زیر زمین پانی کڑوااور مضر صحت ہونے کے باوجودعوام کی اکثریت مضرصحت پانی استعمال کررہی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی بہت بڑی تعدادہیپا ٹائٹس و دیگر موذی امراض کا شکار ہو چکی ہے عرصہ دراز سے لڈن کی واٹر سپلائی خراب پڑی ہے متعددبار ارباب اختیار کو نشان دہی کی گئی ہے لیکن کوئی بھی ٹس سے مس نہیں ہواجبکہ زمین واٹر سپلائی کیلئے ڈالی گئی لائنیں ناکارہ ہوچکی ہیں واٹرسپلائی کے پائپوں میں سوراخ ہوجانے کی وجہ سے سیوریج کا گندہ پانی مکس ہوجاتاہے اورلوگ یہی آلودہ پانی پینے پرمجبورہیں دو یونین کونسلوں پرمشتمل اتنی بڑی آبادی کیلئے صرف ایک فلٹریشن پلانٹ لگایاگیاہے جوشہریوں کی ضرورت پوری نہیں کرسکتا لڈن کے عوامی سماجی رہنماؤں محمد اسلم، محمد سرور، سعید احمد، عبداللطیف ، محمد عثمان، شفقت حسین ، محمد اعجاز، غلام علی ، راجہ وسیم، لیاقت علی، محمد سجاد، میاں سجاد دولتانہ، مہر زمان لک و یگر نے ضلعی انتظامیہ کی بے حسی پر احتجاج کرتے ہوئے خادم اعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ ہمارا دیرینہ مطالبہ پوراکرتے ہوئے پینے کا صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری موذی امراض کاشکارہونے سے بچ سکیں۔

متعلقہ عنوان :