نارنگ منڈی ،کاشتکاروں کے کسان پیکیج کے تحت رقم نہ ملنے کیخلاف محکمہ مال کے افسران کیخلاف مظاہرے

منگل 16 فروری 2016 20:49

نارنگ منڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 فروری۔2016ء )نارنگ منڈی کی یونین کونسل ننگل بھچڑکے 15دیہات کے کاشتکاروں نے وزیر اعظم کسان پیکیج کے تحت رقم نہ ملنے کیخلاف محکمہ مال کے افسران کے خلاف مظاہرے کئے ۔مظاہرین نے ڈی سی اوشیخوپورہ آفس کے باہر بھی احتجاج کیا جس سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام معطل ہو کر رہ گیا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے بتایاکہ اسسٹنٹ کمشنر مریدکے کے جونیئرکلرک نے جان بوجھ کر مستحق کسانوں کے نام کسان پیکیج کی فہرست سے نکال کراپنے عزیزوں اور رشتہ داروں کے نام اس میں شامل کر دئیے ہیں۔

جبکہ بااثرزمیندار وں نے بھی اپنے فرضی رقبے ظاہرکرکے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کانقصان پہنچایاہے ۔ ڈی سی او شیخوپورہ راؤریاض اعجازنے مظاہرین کویقین دہانی کرائی کہ ہرکسان کو امدادی پیکیج دیاجائے گا۔انہوں نے انکوائری کے لئے دو رکنی کمیٹی کمیٹی تشکیل دی جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے ۔