سجاول :بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے سینٹر پر سنگین بے قاعدگی کی اطلاعات ،خواتین مشکلات کا سامنا

منگل 16 فروری 2016 20:07

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 فروری۔2016ء) سجاول میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے سینٹر پر سنگین بے قاعدگی کی اطلاعات ہیں ، سجاول میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرآفس کے باہر مستحق خواتین صبح سے شام تک بھوکی پیاسی ، شیرخوار بچوں سمیت کھڑی رہیں جن کے لئے پینے کے پانی اور ٹوائلٹ کا بھی انتظام نہیں کیاگیا، روڈ پر کھڑی خواتین کے بے پردگی کے دوران سینکڑوں کی تعداد میں اوباش افراد پورے دن خواتین سے بدتمیزی جاری رکھے ہوئے ہیں ، علاوہ ازین مستحق خواتین نے شکایت کی ہے کہ سینٹر کے اندر صرف پیسے لیکر داخل ہونے دیاجارہاہے اور نادار خواتین کو تنگ کرکے ایجنٹوں اور دلالوں کے پاس جانے پر مجبور کیاجارہاہے جو سینٹرکے باہر پھیرے لگاکر مستحق خواتین سے معاملات طے کرکے ان کے شناختی کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ وصول کرتے ہیں علاوہ ازیں مستحق خواتین کو ادائیگی کے لئے بھی ایک ہزارسے پندرہ سوروپے وصولی کررہے ہیں ،ادھر مستحق خواتین کے کارڈ مقامی دکانداروں نے بھی خریدنے شروع کردیے ہیں جن سے اپنی کمیشن کاٹ رہے ہیں ، مذکورہ انتظامی بدعنوانی کی وجہ سے مستحقین کو شدید پریشانی کا سامنہ ہے مستحق خواتین کا کہناہے کہ مقامی بنکوں میں اے ٹی ایم پر بی آئی ایس پی کارڈ کیش کرانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ، جبکہ مخصوص دکانوں پر کیش کرانے کے لئے ایجنٹوں کی معرفت کٹوتی کی جارہی ہے ، افسوس طلب امر یہ ہے کہ بی آئی ایس پی سینٹر پر پولیس اہلکار وں پر بھی رشوت ستانی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں ، مذکورہ صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی کوئی مثبت کارکردگی سامنے نہیں آئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :