اورنج ٹرین منصوبے کی تکمیل کے بعد عوام کو ایک بہترین سفری سہولت میسر آئے گی ‘ پرویز ملک

منگل 16 فروری 2016 16:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تکمیل کے بعد نہ صرف عوام کو ایک بہترین سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ شہر کے تمام تجارتی مراکز ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہونے سے تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی ۔ ایک بیان میں پرویز ملک نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ بین الاقوامی معیار کا منصوبہ ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے متعلق ترقی یافتہ ملک کا تاثر ابھرے گا جو غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب کھینچ لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اورنج لائن میٹرو منصوبے کے لیے اپنی جگہوں کی قربانی دینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور سنگل ونڈو آپریشن کے ذریعے انہیں اْن کا پورا حق ادا کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو عناصر موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں وہ عوام کے خیر خواہ نہیں اور ملک کو پتھر کے دور میں واپس دھکیلنا چاہتے ہیں۔

پرویز ملک نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبہ نہ صرف پاکستان کی شان میں اضافہ کرے گا بلکہ پاکستان اور چین کے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مزید بہتر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ چین کسی اور ملک میں بھی یہ سرمایہ کاری کرسکتا تھا لیکن پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے اْس نے بہترین دوست ہونے اور حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ چینی حکومت کا پاکستان عوام کے لیے بیش قیمتی تحفہ ہے ، سیاسی دکانداروں کو عوامی مفاد کے منصوبوں پر دکانداری چمکانے سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر اورنج لائن ٹرین منصوبے میں ڈھائی لاکھ افراد روزانہ سفر کریں گے جبکہ اگلے دس سالوں میں یہ کپیسٹی پانچ لاکھ افراد تک بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام بڑے تجارتی مراکز اورنج لائن ٹرین منصوبے کے ذریعے باہم منسلک ہوجائیں گے جس سے تجارتی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔

متعلقہ عنوان :