برسلز‘ کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید کی مقبوضہ کشمیرمیں دونوجوانوں کی شہاد ت کی مذمت

منگل 16 فروری 2016 13:35

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء)چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضاسید نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامامیں بھارتی سیکورٹی فورسزکے ہاتھوں دوکشمیری نوجوانوں کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دانش رشیداورخاتون طالبہ شائستہ حمید اتوارکے روزپلواماضلع کے علاقے کاکاپورہ میں ایک مظاہرے پر سیکورٹی فورسز کے فائرنگ کے دوران شہیدہوگئے تھے۔

برسلزسے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں علی رضاسید نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی اور مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ یکجہتی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کا سختی سے نوٹس لیناچاہیے۔ بھارتی فوجی کشمیریوں کو بے دردی سے قتل کررہے ہیں۔یہ صورتحال مہذب دنیاکے لیے انتہائی افسوس ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

بھارت ہٹ دھرمی کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق دینے سے انکاری ہے اور وہ اس حق کو ظلم و جبر کے ذریعے دباناچاہتاہے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیرکی گھمبیر صورتحال کا نوٹس لیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی طرف سے کالے قوانین نافذ ہیں اور ان قوانین کی بدولت بھارت کھلم کھلاکشمیریوں کا قتل عام کررہاہے۔یہ صورتحال انسانی حقوق کے لیے عالمی اداروں کے لیے ایک چیلنج ہے اور انہیں انسانی حقوق کی پامالی کو روکنا چاہیے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ کونسل مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔ یہ بات بھی طے ہے کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک دبا نہیں سکتا۔ یہ جدوجہد ایک دن اپنے منطقی انجام کو ضرورپہنچے گی۔