کراچی،ڈاکٹر عافیہ کے گھر پرنامعلوم افراد کی آمد، چوکیدار پر تشدد ،اہل خانہ تذبذب کاشکار

منگل 16 فروری 2016 11:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء ) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں علی الصبح پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے گھر پر نامعلوم افرادنے دھاوا بول کر چوکیدار سے معلومات حاصل کیں اور اسے تشدد کرکے زخمی کردیا۔ اہل خانہ کے مطابق صبح تین بجے ایک کار میں سوار تین افرادعافیہ صدیقی کے گھر پر آئے اور چوکیدار عامر کو باندھ کریرغمال بنا لیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ افراد نے چوکیدار سے ڈاکٹر عافیہ کے دو بچوں مریم اور احمد کے اسکول اور ان کے بارے میں معلومات حاصل کیں جبکہ گھر کے دیگرافراد اور ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ آنے والوں نے ممکنہ طور پر پرسکون وقت کا چناوٴکیا، رات تین بجے گھر والے سو رہے تھے۔ مذکورہ افراد نے ان کے گھر کے باہر موجود کتے کو گوشت ڈال کر مصروف کردیا تھا۔

جس وجہ سے اس نے بھی مزاحمت نہیں کی اور اہل خانہ کو بھی کچھ پتہ نہیں چلا ، واقعے کی اطلاع صبح ملی۔ چوکیدار عامر کو گھر والوں نے ہسپتال پہنچایا۔ان کا کہنا ہے کہ ان کے گھر کے باہر کچھ عرصہ قبل تک پولیس کی سیکورٹی ہوتی تھی اب پولیس اہلکار اپنی مرضی سے چکر لگانے آتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :