پشاور،جامعات میں زیر تعلیم بچے صوبہ کا روشن مستقبل ہیں ،مشتاق غنی

دہشت گرد تعلیم کے دشمن ہیں جو تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا کر ہمیں جہالت کے اندھیرے میں دھکیلنا چاہتے ہیں ،معاون خصوصی اطلاعات

پیر 15 فروری 2016 22:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم اور صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق احمد غنی نے پیر کے روز باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کا دورہ کیا اور طلباء سے ملاقاتیں کیں ، انہوں نے یونیورسٹی کھلنے کے بعد طلباء کی تعلیم کے حصول کے لئے لگن اورجذبہ کو سراہا اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔

طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہمارے صوبے کے بہادر نوجوان اپنی قلم کی طاقت سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، تعلیمی ادارے بالخصوص اعلیٰ جامعات میں زیر تعلیم ہمارے بچے صوبہ کا روشن مستقبل ہیں جن کا تحفظ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی نا قابل برداشت ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تعلیم کے دشمن ہیں جو تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا کر ہمیں جہالت کے اندھیرے میں دھکیلنا چاہتے ہیں لیکن ہمارے بچوں کے حوصلے پر عز م ہیں اور وہ خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں، یونیورسٹی میں دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہونا دہشتگردوں کو شکست ہے۔

(جاری ہے)

، انہوں نے یونیورسٹی میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ باچا خان یونیورسٹی سمیت تمام تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، با چا خان یونیورسٹی میں سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ہر ممکن انتظامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم خالد خان، وائس چانسلر باچا خان یونیورسٹی ڈاکٹر فضل رحیم بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :