مغربی روٹ کی تعمیر پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، وزیراعظم خیبر پختونخوا میں نئے انڈسٹریل اور کمرشل گیس کنکشنز پرعائد پابندی ختم کریں، صوبائی حکومت صوبے کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت سے روابط بہتر بنائے ،گرین خیبر پختونخوا پر ایک کھرب روپے خرچ کی بجائے صوبائی حکومت یہ فنڈ صوبے میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کے خرچ کرے ،سرمایہ کارکرک میں انڈسٹریل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں

وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خا ن درانی کا تاجر برادری سے خطاب

پیر 15 فروری 2016 22:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 فروری۔2016ء ) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خا ن درانی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری میں مغربی روٹ کی تعمیر پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، وزیراعظم میاں محمد نوازشریف صوبہ خیبر پختونخوا میں نئے انڈسٹریل اور کمرشل گیس کنکشنز پرعائد پابندی ختم کرے ۔ صوبائی حکومت صوبے کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت سے روابط بہتر بنائیں ،گرین خیبر پختونخوا پر ایک کھرب روپے خرچ کی بجائے صوبائی حکومت یہ فنڈ صوبے میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کے خرچ کرے ۔

کرک میں ایل پی جی کا سب سے بڑا پلانٹ لگایا گیا ہے ۔ سرمایہ کارکرک میں انڈسٹریل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان کی زیر صدارت چیمبر ہاؤس کے دورہ کے موقع پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید ٗ نائب صدر شجاع محمد ٗ ایگزیکٹو ممبران حاجی محمد افضل ٗعبدالجلیل جان ٗ محمد اقبال ٗسعد خان زاہد ٗ ر اشد اقبال ٗ محمد اشتیاق اور حاجی محمد اختر ٗ صدر گل ٗ عابد اﷲ ٗ فیض رسول ٗ صادق امین ٗ ڈاکٹر خوشحال مہمند ٗ فضل واحد ٗ اکبر شیراز اور سید اعجاز علی شاہ بخاری سمیت صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے بحیثیت سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم خان درانی کی بزنس کمیونٹی کیلئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے صوبے میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی سمیت بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے بزنس کمیونٹی کی مشکلات اور تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ امن و امان کی ابتر صورتحال بالخصوص بھتہ خوری کے واقعات کی وجہ سے سرمایہ کار اپنا سرمایہ دوسرے صوبوں کو منتقل کر رہے ہیں۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی سے متاثرہ صوبے کی بزنس کمیونٹی کو ہر قسم کے ٹیکسز سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ۔ انہوں نے چائنا پاک اکنامک کاریڈور میں خیبر پختونخوا کے لئے مغربی روٹ کو نظر انداز کرنے کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات بیان کئے اور وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

انہوں نے گیس میں سرپلس ہونے کے باوجود صوبے میں انڈسٹریل اور کمرشل گیس کنکشنز پر عائد پابندی پر تشویش کا اظہار کیا اور اکرم خان درانی سے درخواست کی کہ وہ اس سلسلے میں وزیراعظم اور وفاقی و زیر پٹرولیم سے بات کریں۔ ذوالفقار علی خان نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج سے صوبہ خیبر پختونخوا میں انفراسٹرکچر کی بحالی اور دیگر ترقیاتی کاموں پر رقم خرچ کرنے ٗ خیبر پختونخوا چیمبر کی نئی بلڈنگ کیلئے ای ڈی ایف سے فنڈ کی فراہمی کے لئے وزیر تجارت سے موثر انداز میں بات چیت کرنے ٗ پاکستان ٗ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے مابین فری ٹریڈ ایگریمنٹ کرنے کے لئے اقدامات اور ہائیڈرل پاور جنریشن سمیت این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کو ملنے والی اضافی رقم کا آدھا حصہ بزنس کمیونٹی اور معیشت کی بحالی پر خرچ کرنے کی سفارشات پیش کیں۔

وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے صوبے میں معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور بزنس کمیونٹی کی موثر انداز میں نمائندگی کرنے پر خیبر پختونخوا چیمبر کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے امن و امان کے حوالے سے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صوبائی حکومت کو صوبے کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ کوآرڈینیشن کو فروغ دینا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گرین خیبر پختونخوامنصوبے میں درخت اور پودے لگانے پر ایک کھرب روپے خرچ کردیئے ہیں جبکہ یہ رقم صوبے میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پولیس فورس میں نئی بھرتیوں پر خرچ کی جاتی تو اس کا فائدہ براہ راست عوام کو ملتا۔انہوں نے کہا کہ کرک میں ایل پی جی کا سب سے بڑا پلانٹ لگایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کارکرک میں انڈسٹریل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید ٗحاجی محمد افضل ٗ عبدالجلیل جان ٗ محمد اقبال اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔