موجودہ حکمران آپریشن ضرب عضب کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں،مجلس وحدت المسلین کے علامہ ناصر عباس جعفری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 فروری 2016 20:17

چیچہ وطنی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی پی اے۔15فروری۔2016ء) مجلس وحدت المسلین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران آپریشن ضرب عضب کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں جس وجہ سے ڈیڑھ سال میں آپریشن کے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے،آج یہاں بلاک نمبر4کی مرکزی امام بارگاہ میں مختلف وفود اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر آپریشن ضرب عضب کو کامیاب کروایا جاتا تو آج ہمیں دہشت گردوں کے خوف سے اپنے تعلیمی ادارے بندنہ کرنا پڑتے ،ہم آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کیساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں آپریشن ضرب عضب کے حامیوں کو بھی بھی گرفتار کررہی ہے،ملک میں آج حکومت نام کی کوئی چیز نہیں اور ہر طرف لوٹ مار ،ظلم اورناانصافی کا بازار گرم ہے، کوئی طبقہ بھی اپنے آپ کو محفوظ تصور نہیں کرتا، اگر ضیا الحق دور میں جہادی گروپوں کو پروان نہ چڑھایا جاتا تو ملک میں آج دہشت گردی کا نام ونشان نہ ہوتا ،ہم انشااللہ عوام طاقت سے ظلم وبربریت کے طوفانوں کا رخ موڑ دینگے،انہوں نے کہا پی آئی اے ملازمین کیخلاف طاقت کا استعمال سراسر ناجائز تھا ،احتجاج ہر کسی کا آئینی اور جمہوری حق ہے،موجودہ حکمرانوں نے احتجاج کرنیوالوں پر گولیاں برسانا وطیرہ بنا لیا ہے،بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جو پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کو فنڈنگ کررہا ہے،امریکہ اور اسرائیل بھی بھارت کے دوست ہیں ،ہم نے اپنے دشمنوں کو بغیر ویزہ اپنے گھر میں رکھا ہوا ہے جس سے ہماری سلامتی کوبھی خطرات لاحق ہیں،مسلم لیگ(ن) لاہور کو جبکہ پیپلزپارٹی لاڑکانہ کوخوبصورت بنا رہی ہے،دونوں جماعتوں کے نزدیک باقی ملک کی کوئی حیثیت ہی نہیں،اس سے قبل علامہ راجہ ناصر عباس کو بائی پاس چوک سے گاڑیوں کے جلوس کی شکل میں امام بارگاہ لایا گیا،مجلس وحدت المسلمین چیچہ وطنی کے سیکرٹری جنرل سید مرید حسین کاظمی ،سید کاشف حسین کاظمی،باقر علوی،باقر جوادی، سابق صدر بار ایسوسی ایشن ریاض حسین جاوید، حاجی محمداشرف اور محمد علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :