پاکستان سپر لیگ، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8وکٹوں سے شکست دیدی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 فروری 2016 00:02

پاکستان سپر لیگ، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8وکٹوں سے شکست دیدی

شارجہ (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار14فروری- 2016ء) پاکستان سپر لیگ کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8وکٹوں سے شکست دے دی ہے ۔ شارجہ میں جاری میچ میں احمد شہزاد اور اسد شفیق نے ٹیم کو 40رنز کا آغاز کیا ،احمد 21رنز بنا کر بولڈ ہوئے جبکہ اسد شفیق بھی 16بنا کر رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوئٹہ کے بلے باز مکمل طور پر ناکام ہوگئے اور سنگاکارا 0،اکبر 1،نواز 5، سرفراز 10،نبی 2،عمر گل اور چگمبھرا بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے ۔

ایک موقع پر کوئٹہ کے 9کھلاڑی 66رنز پر پوویلین لوٹ گئے تھے تاہم گرانٹ ایلیٹ نے ذوالفقار بابر کیساتھ ملکر آخری وکٹ کے لیے ورلڈ ریکارڈ 63رنز جوڑے جس کے بعد ایلیٹ 40رنز سکور کرکے پوویلین لوٹے۔ بابر 20رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ پشاور کی جانب سے آفریدی نے 5جبکہ وہاب ریاض نے 2 اور جنید خان اور اصغر نے ایک ، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا ۔

(جاری ہے)

130رنز کے تعاقب میں پشاور کے اوپنرز محمد حفیظ اور ڈیوڈ ملان نے ٹیم کو 60رنز کا آغاز فراہم کیا ۔

حفیظ 36رنز بنا کر پوویلین لوٹے جس کے بعد ملان نے کامران اکمل کیساتھ ملکر دوسری وکٹ کیلئے 54رنز جوڑے ۔ کامران اکمل 17رنز بنا کر پوویلین لوٹے ۔ ڈیوڈ مالان نے میچ کے 19ویں اوور میں نواز کو 2چوکے جڑ کر پشاور کو 8وکٹوں سے جیت دلا دی ۔مالان 60اور بریڈ ہوج 3رنز پر ناٹ آؤ ٹ رہے ۔ کوئٹہ کی جانب سے نواز اور بابر نے 1،1وکٹ حاصل کی ۔ شاہد آفریدی کو تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔