بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ، رکن اسمبلی میر ہزارخان بجارانی سمیت صوبائی مشیر قیو م سومرو کو اہم قلم دان دیئے جانے کا امکان ،ذرائع

اتوار 14 فروری 2016 22:01

بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ، رکن ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ کابینہ میں ایک مرتبہ پھر ردوبدل کیا جارہا ہے اور کافی عرصہ سے غیر فعال رکن اسمبلی میر ہزارخان بجارانی سمیت صوبائی مشیر قیومسومرو کو اہم وزارت سونپی جارہی ہے ،اس بارے میں پیپلزپارٹی کے ذمہ دارذرائع نے آئی این پی کو بتایا ہے کہ گزشتہ دنوں میر ہزار خان بجارانی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی تھی،جس میں انہیں چند وزارتوں کی پیش کش کی گئی تھی ،جس پر انہوں نے آمادگی ظاہر کی،اس کے علاوہ صوبائی مشیر مذہبی امور قیوم سومرو کو بھی اہم وزارت دی جائے گی،ذرائع کے مطابق میرہزار خان بجارانی کو وزارت بلدیات کا قلمدان دئیے جانے امکان ہے ،جبکہ قیوم سومرو کو ٹرانسپورٹ یا ورکس اینڈ سروسز کی وزارت زیر غور ہے ،ذرائع کے مطابق سابق خاتون وزیر روبینہ قائم خانی کو بھی دوبارہ وزیر بنایا جارہا ہے،ذرائع کے مطابق پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کابینہ کے بہت سے ارکان کی کارکردگی سے مطمئین نہیں ہے،جس کا اظہار وہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے بھی کرچکے ہیں،اسی بناء پر وہ کابینہ میں تبدیلی چاہتے ہیں اور دیگر وزراء کی وزارت تبدیل کر کے نئے چہرے بھی لائے جاسکتے ہیں۔