پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شیئرز کی منتقلی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے ، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کا سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے اعلیٰ حکام کے اجلاس سے خطاب

اتوار 14 فروری 2016 21:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14فروری۔2016ء) وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں شیئرز کی منتقلی کے عمل کے جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے اعلیٰ حکام کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے پی ایس ایکس میں گورننس کی بہتری پر بھی زور دیا۔

وفاقی وزیر کو پی ایس ایکس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ سٹاک ایکسچینج کے ادغام کے بعد حصص کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نئے سٹاک ایکسچینج کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج ادغام جدید طرز پر کیاگیاہے تاکہ اس کو بین الاقوامی معیار کا جدید سٹاک ایکسچینج بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کے چیئرمین نے اصلاحات کے ایجنڈے پر بریفننگ دی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے اور ملک میں حقیقی معیشت کے رابطوں کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج قومی سطح کا نیٹ ورک ہوگا ۔وزیر خزانہ نے ایس ای سی پی کے ویژن کی حمایت کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سٹاک اور بالخصوص سکوک کی مارکیٹ میں تعاون کیلئے پر عزم ہے ۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو این بی ایف سی کانفرنس کے حوالے سے بھی بریفننگ دی گئی ۔ انہوں نے ایس ای سی پی کے معاون کردار ، مختلف اصلاحات اور سرمایہ کاروں کی تعلیم و تربیت اور آگاہی کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :