چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک کے ہر صوبے کو فائدہ ہوگا ، ایل این جی معائدہ سے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے ،مسلم لیگ( ن) کسی بھی سیاسی جماعت سے محاز آرائی نہیں چاہتی ، تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر ملک کو بحرانوں سے نکالنا چاہتے ہیں، اقتصادی راہداری منصوبہ مکمل ہونے پر ملک کی سیاست میں بھی تبدیلی آئے گی ، ایل این جی معاہدہ سے اگلے سال تک 3600میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی ، انشاء اللہ 2018ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے، جو لوگ دہشتگرد ی کر رہے ہیں وہ اسلام دشمن عناصر کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، یہ مٹھی بھر لوگ آپریشن ضرب سے ختم ہوجائیں،وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 14 فروری 2016 20:35

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14فروری۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک کے ہر صوبے کو فائدہ ہوگا ، ایل این جی معاہدہ سے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے ۔

(جاری ہے)

اتوار کو نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ملک کی کسی بھی سیاسی جماعت سے محاز آرائی نہیں چاہتی ہے مسلم لیگ ن تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر ملک کو بحرانوں سے نکالنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ مکمل ہونے پر ملک کی سیاست میں بھی تبدیلی آئے گی چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک کے ہر صوبے کو فائدہ ہوگا احسن اقبال نے کہا کہ ان منصوبوں میں لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کے منصوبے بھی شامل ہیں ایل این جی معاہدے سے اگلے سال تک 3600میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی اور انشاء اللہ 2018ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے انہوں نے کہا کہ جو لوگ دہشت گرد ی کر رہے ہیں وہ اسلام دشمن عناصر کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں لیکن یہ مٹھی بھر لوگ آپریشن ضرب سے ختم ہوجائیں اور یہ آپریشن انشاء اللہ کامیاب ہوگا احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم ہی ایک ذریعہ ہے جس سے ہم ملک کی معیشت کو مضبوط کر سکتے ہیں دنیا میں جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے وہاں تعلیم کو عام کرنے کے لئے کام کیا وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس ملک میں قانون کی بالا دستی ہوگی وہاں پر جرائم کی شرح ختم ہوجائے گی آج ہمیں عوام میں اس کے متعلق شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے احسن اقبال نے کہا کہ ورلڈ بنک نے بھی پاکستان کو دوبارہ ترقی کرتے ہوئے دیکھ کر تعریف کی ہے ان کے ہمراہ ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ،ضلعی صدر مسلم لیگ ن ملک طارق اعوان،چوہدری سجاد مہیس بھی تھے۔