حکومت بھارت کے بار ے میں اپنی نرم پالیسی پر نظر ثانی کرے ‘حکومت اور اپوزیشن ذاتی مفادات کے لیے متحد ہو جاتی ہے ، عوام کے مسائل اور پریشانیوں کا انہیں احساس تک نہیں ‘ پنجاب کی اسمبلی کے ارکان نے متفقہ طور پر اپنی تنخواہوں اور مراعات میں ڈبل اضافہ کر لیاہے ، اسمبلی میں اکثریت اشرافیہ سے تعلق رکھنے والے ارکان کی ہے ‘ عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں ‘ مہنگائی نے ان کا جینا حرام کر رکھاہے ‘ دوا ساز کمپنیوں نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 70 سے 120 فیصد تک اضافہ کر دیا، حکومت کی کان پر جوں تک نہیں رینگی، نہ ہی اپوزیشن نے اس کا کوئی سنجیدہ نوٹس لیاہے،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی وفود سے گفتگو

اتوار 14 فروری 2016 20:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14فروری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کی منظوری سے بھارت آگ بگولہ ہوگیاہے اور نئی دہلی میں مقیم امریکی سفیر کو طلب کر کے باقاعدہ احتجاج کیا ہے ‘ حکومت پاکستان بھارت کے بار ے میں اپنی نرم پالیسی پر نظر ثانی کرے ‘حکومت اور اپوزیشن ذاتی مفادات کے لیے متحد ہو جاتی ہے جبکہ عوام کے مسائل اور پریشانیوں کا انہیں احساس تک نہیں ہے ‘ صوبہ پنجاب کی اسمبلی کے ارکان نے متفقہ طور پر اپنی تنخواہوں اور مراعات میں ڈبل اضافہ کر لیاہے ۔

اسمبلی میں اکثریت اشرافیہ سے تعلق رکھنے والے ارکان کی ہے ۔ عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں ۔ مہنگائی نے ان کا جینا حرام کر رکھاہے ۔

(جاری ہے)

دوا ساز کمپنیوں نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 70 سے 120 فیصد تک اضافہ کر دیاہے لیکن حکومت کی کان پر جوں تک نہیں رینگی اور نہ ہی اپوزیشن نے اس کا کوئی سنجیدہ نوٹس لیاہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پوری دنیا سے بھارت نے اسلحہ خرید کر اس کے انبار لگا رکھے ہیں ۔ بھارت کو کس سے خطرہ ہے۔ آئے دن پاکستان کو بھارت کے ذمہ داران کی طرف سے سبق سکھانے کی دھمکیاں مل رہی ہیں ۔ پاکستان کے خلاف اس کی نفرت کا یہ عالم ہے کہ پاکستان کو اپنے دفاع کے لیے امریکہ نے چار جہاز کیا دئیے اس کو آگ لگ گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کے خلاف کبھی جارحیت کا ارتکاب نہیں کیا جبکہ بھارت نے پاکستان پر دو جنگیں مسلط کیں اس کا ایک حصہ کاٹ کر بنگلہ دیش بنادیا اور وزیراعظم مودی اس کا اعتراف بھی کر چکے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکمرانوں کی نرم پالیسی اور بھارت سے دوستی کی خواہش نے گیدڑ کو شیر بنا دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اپنے رویے میں تبدیلی لائے اور بھارت کے ساتھ آلو پیاز کی تجارت بند کر کے اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اس کی دھمکیوں کا جواب دیا جائے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کرپشن نے پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے ۔

کرپشن کے خلاف جو ادارہ بنایا گیاہے وہ خود بھی کرپشن میں ملوث ہے ۔ کرپٹ افراد کے خلاف کمزور کیس تیار کیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے عدالتوں سے بھی وہ رہا ہو جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خلاف پورے معاشرے کو متحد ہو کر نکلنا ہو گا ۔ جماعت اسلامی یکم مارچ سے کرپشن کے خلاف مہم شروع کر رہی ہے ۔ عوام ہمارا ساتھ دیں ۔ جب تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہو تی اور پاکستان کو اسلامی پاکستان نہیں بنایا جاتا ، ملک ترقی نہیں کر سکتا ہے نہ عوام کی غربت دور ہو سکتی ہے اور نہ اس کے مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ اس لیے قوم اس مہم میں جماعت اسلامی کا بھر پور ساتھ دے ۔