Live Updates

ملک روشنیوں، امن اور امید کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے‘ حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے وعدے کی تکمیل کی جانب بڑھ رہی ہے‘ ،توانائی بحران کے خاتمے کے لئے بے مثال کام کیا جا رہا ہے، حکومت نے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کرنے کا کلچر متعارف کرایا ہے،توانائی منصوبوں کی تکمیل سے 2017ء کے اختتام تک ہزاروں میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی لوڈ شیڈنگ میں خاطرخواہ کمی ہوگی،کوئلے، ہوا، سولر، گیس ، ہائیڈل اور دیگر ذرائع سے بجلی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی مسلم لیگ (ن) کے وفد سے بات چیت

اتوار 14 فروری 2016 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے وعدے کی تکمیل کی جانب بڑھ رہی ہے اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں - وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے بے مثال کام کیا جا رہا ہے - پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے منصوبوں پر تیز رفتاری سے دن رات کام کرنے کا کلچر متعارف کرایا ہے اور توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے ملک بھر میں تیزرفتاری سے بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں - توانائی منصوبوں کی تکمیل سے 2017ء کے اختتام تک ہزاروں میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی جس سے لوڈ شیڈنگ میں خاطرخواہ کمی ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہارپاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا-وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور غلط ترجیحات کے باعث ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا- اگر ماضی کے حکمران توانائی بحران کے خاتمے کے لئے سنجیدہ کاوشیں کرتے تو ملک کو توانائی کی کمی کے سنگین مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑتا- انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور آمریت میں بھی توانائی کے شعبے کو نظرانداز کیا گیاجبکہ بے مقصد دھرنوں کے ذریعے بھی دیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح توانائی کے منصوبوں میں رکاوٹ پیدا کی گئی- وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کوئلے، ہوا، سولر، گیس ، ہائیڈل اور دیگر سستے ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے -پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ بجلی کے حصول کے کارخانے لگ رہے ہیں - گیس کی بنیاد پر پاورپلانٹ ماضی میں لگائے گئے اسی طرح کے منصوبوں کے مقابلے میں آدھی قیمت پر لگ رہے ہیں اورکم قیمت پر لگنے والے گیس سے بجلی پیدا کرنے کے کارخانوں سے عوام کو سستی بجلی ملے گی -انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہو گا اور منصوبے پر کام کرنے والی چین کی کمپنی نے مقررمدت سے پہلے اس منصوبے کو مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے - اس منصوبے سے 1320 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی- پنجاب حکومت نے ہوا سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی کے حصول کے لئے ڈنمارک کی کمپنی ویسٹاز سے معاہدہ کیا ہے - انہوں نے کہا کہ قطر سے مائع گیس کی خریداری کے لئے طے پانے والے تاریخ ساز معاہدے سے عوام کو سستی گیس ملے گی اور ملک کے اندھیرے دور کرنے میں بھی مدد حاصل ہو گی-ایل این جی کی خریداری کا معاہدہ اقتصادی راہداری کے بعد قوم کے لئے ایک اور تحفہ ہے - انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے ہر ضروری قدم اٹھایا جا رہا ہے اور ملک روشنیوں، امن اور امید کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے ہماری مخلصانہ کاوشیں رنگ لائیں گی -

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات