Live Updates

تخت لاہور کے حکمران بدعنوانی اور کرپشن کی دوڑ میں بھی سب آگے ہیں ‘پنجاب میں بے رحم احتساب وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ‘(ن) لیگ کی نیت ٹھیک نہیں لگ رہی آزاد کشمیر میں عوام کے ووٹو ں کے تحفظ کیلئے فوج کی نگرانی میں انتخابات کروائے جائے ‘حکمران مقروض ملک کے وسائل انقلابی منصوبوں کی بجائے انتخابی منصوبوں پرجھونک رہے ہے،تحریک انصاف پنجاب کے سابق آرگنائزر چوہدری محمدسرور کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 14 فروری 2016 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14فروری۔2016ء) تحریک انصاف پنجاب کے سابق آرگنائزر چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ تخت لاہور کے حکمران بدعنوانی اور کرپشن کی دوڑ میں بھی سب آگے ہیں ‘پنجاب میں بے رحم احتساب وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ‘(ن) لیگ کی نیت ٹھیک نہیں لگ رہی آزاد کشمیر میں عوام کے ووٹو ں کے تحفظ کیلئے فوج کی نگرانی میں انتخابات کروائے جائے ‘حکمران مقروض ملک کے وسائل انقلابی منصوبوں کی بجائے انتخابی منصوبوں پرجھونک رہے ہیں ۔

وہ اتوار کے روز اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید ‘رکن اسمبلی میاں اسلم اقبال اور دیگر بھی موجود تھے چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکمرانوں نے ناداراورمفلس عوام کے چولہے بجھانے اوران کی راہوں میں کانٹے بچھانے کے سواکچھ نہیں کیا‘بجلی بحران کے نتیجہ میں عوام کو اندھیروں کے سپردکرنے کے بعدان بیچاروں سے سوئی گیس کی سہولت بھی چھین لی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کوبنیادی ضروریات سے محروم کرنے کے باوجودبھی حکمران انتہائی ڈھٹائی سے معاشی ترقی کاڈھنڈورا کر رہے ہیں ‘حکمرانوں اوران کے حواریوں نے دن رات پاکستان سے پیسہ لوٹ کر بیرون ملک لیکر جا رہے ہیں اورانکو کوئی پوچھنے والا نہیں اس لیے ہم کہتے ہیں کہ ملک میں شفاف احتساب ہو نا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران صرف اپنے کاروباری مفادات کودیکھتے ہوئے اقتصادی پالیسیاں بناتے ہیں ،ان کے دورمیں عام مزدوراورکسان کوکچھ نہیں ملتا‘ پنجاب کے حکمران عوام کاپیسہ عوام کی ویلفیئر پرلگانے کی بجائے متنازعہ منصوبوں پرصرف کیا جارہا ہے ‘مقروض ملک کے وسائل انقلابی منصوبوں کی بجائے انتخابی منصوبوں پرجھونک دیے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات