فیصل آباد ، مختلف حادثات میں خاتون سمیت تین افرادجاں بحق

اتوار 14 فروری 2016 17:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 فروری۔2016ء) شہر اورگردونواح کے مختلف مقامات پرحادثات میں خاتون سمیت تین افرادجاں بحق ہو گئے ، آن لائن کے مطابق گٹ والا ٹول پلازہ کے نزدیک پچاس سالہ سڑک کنارے پیدل چلتے اے ڈی کو مخالف سمت سے آنیوالی تیز رفتار ویگن نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اے ڈی شدید زخمی ہوگیا اور ہسپتال پہنچائے جانے سے قبل اور کسی بھی قسم کی طبی امداد دیئے جانے سے پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا ، رشیدہ آبادگلی نمبر2جھنگ روڈ کی رہائشی خاتون پچاس سالہ نسرین زوجہ فقیر محمد چھت پر لگی جالی سے ٹیک لگائے موبائل فون پر کال سننے میں مصروف تھی کہ بوسیدہ جالی اس کے وزن کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اور چھت سے نیچے آگری سر اور گردن پر لگنے والے مہلک ضرب کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئی ۔

(جاری ہے)

ایک روز قبل نور پور قائداعظم ٹاؤن کے نزدیک تیز رفتار کار کی ٹکر سے 55سالہ محمد ارشد ولد صدیق شدید زخمی ہو گیا تھا جسے تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا تھا ‘جہاں پر مضروب شخص صرف اپنا نام ہی بتا سکا تھا اوراپنے ورثاء کے بارے میں کوئی بھی معلومات فراہم نہ کرسکا جوکہ آج صبح سویرے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا جبکہ ورثاء کاعلم ہونے کے باعث پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر محمد ارشد کے ورثاء کی تلاش شروع کردی ہے ۔

متعلقہ عنوان :