آل پاکستان عبدالرشید قریشی ٹیلی نار فٹ بال ٹرافی کا شاندار آغاز

افتتاحی میچ میں کراچی کی معروف ٹیم اعظم اسپورٹس ڈرگ روڈ نے پاک بلوچ کوئٹہ کو شکست دیدی

اتوار 14 فروری 2016 17:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) بلو موومنٹ فٹ بال کلب نواب شاہ کے زیر اہتمام پاکستان کی معروف موبائل کمپنی ٹیلی نار کی تعاون سے میونسپل اسٹیڈیم نواب شاہ پر آل پاکستان عبدالرشید قریشی ٹیلی نار فٹ بال ٹرافی کا شاندار آغاز ہوگیا ۔فٹ بال ٹرافی کا افتتاحی میچ کراچی کی معروف فٹ بال ٹیم اعظم اسپورٹس ڈرگ روڈ نے مد مقابل مضبوط ٹیم پاک بلوچ کوئٹہ کو پنالٹی ککس پر 4-2سے شکست دیدی ۔

کھیل کے دوران مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا دونوں ٹیموں نے کھیل کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔تاہم پنالٹی ککس پر مخالف کو مات دیکر اعظم اسپورٹس ڈرگ روڈ کراچی نے افتتاحی میچ اپنے نام کرلیا ۔میچ سے قبل مہمان خصوصی ٹیلی نار ساؤتھ ٹو کے آفیسر رضوان ملک نے فٹ بال کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا باقائدہ آغاز کیا اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر راؤ نعیم بلو ،راشد قریشی ،ماسٹر ریاست علی ،اسحاق عثمان و دیگر بھی موجود تھے مہمان خصوصی رضوان ملک نے کہاکہ ٹیلی نار ملک بھر میں صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے اور انشا اللہ ملک بھر میں غریبوں اور خصوصاً نوجوانوں کا پسندیدہ کھیل فٹ بال کی ترقی اور اس کے فروغ کے حوالے سے بھی اپنی گرانقدر خدمات کا سلسلہ جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پولیس بوائے نواب شاہ نے قریشی الیون کو 2-0سے شکست دیدی پولیس بوائے کی جانب سے ندیم نے اپنے خوبصورت کھیل کی بدولت 2گول اسکور کئے ۔کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض ستار بادنی،اسد اللہ اور نصیر عمر بلوچ نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر جہانگیر خان تھے ۔

متعلقہ عنوان :