اسلام میں مادرپدر آزادی کا کوئی تصور نہیں ہے ، علامہ عقیل انجم قادری

مسلم نوجوانوں کواپنے معاشرے میں بے غیرتی وبے حیائی کا ایساتہوار کسی صورت قبول نہیں ہے جس کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے ویلنٹائن ڈے جیسے بے غیرتی کے تہوار پاکستان اور اسلامی اقدار اور شعائر کے سراسر منافی ہے، مظاہروں سے جے یوپی رہنماؤں کا خطاب

اتوار 14 فروری 2016 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) جمعیت علماء پاکستان کی صوبائی کنویننگ باڈی کے رکن علامہ سید عقیل انجم قادری نے کہا ہے کہ اسلام میں مادرپدر آزادی کا کوئی تصور نہیں ہے اس لحاظ سے ویلنٹائن ڈے کو ہمارے یہاں کوئی اہمیت نہیں دی جاسکتی، اس طرح کے ایام کو منانے سے معاشرے میں بے حیائی اور بد کرداری کو فروغ میں ملتا ہے ،مسلم نوجوانوں کواپنے معاشرے میں بے غیرتی وبے حیائی کا ایساتہوار کسی صورت قبول نہیں ہے جس کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

یہ باتیں انہوں نے جمعیت علماء پاکستان شعبہء خواتین کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں ویلنٹائن ڈے کے خلاف منائے گئے یوم شرم وحیاء کے موقع پر کئے گئے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں،اس سلسلے میں ملک بھرمیں مغربی بے غیرتی اور بے حیائی کے فروغ کے خلاف مظاہرے اور نوجوانوں میں شعوراجاگر کرنے کے لئے دیگر پروگرامات کابھی انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

مظاہروں سے علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی،مفتی محمدبشیرالقادری نورانی، مفتی رفیع الرحمان نورانی ،مولاناعبدالغفار اویسی نورانی ، مولانا خلیل احمدنورانی،مولاناراؤمنظورعلی القادری،صاحبزادہ غلام غوث گولڑوی ، مولانا فدا احمد نعیمی ، پروفیسرانواراحمدشیخ ،علامہ محمدعثمان غوری، مولانامرزاشوکت حسین مغل،عبدالوحید یونس،سیدمحمدعباس نورانی ،قاضی شکیل احمد نورانی ، مولانا عیسیٰ نعیمی سومرو ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

یوم شرم وحیاء کے حوالے سے ملک بھر میں مغربی بے حیائی کے خلاف مظاہروں سے خطاب کرتے ہو ئے مقررین نے کہاکہ ویلنٹائن ڈے جیسے بے غیرتی کے تہوار پاکستان اور اسلامی اقدار اور شعائر کے سراسر منافی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک کے نوجوانوں کی اکثریت اس کے حق میں نہیں ہے ، انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکمران پاکستان کے عوام کی اکثریت کی رائے کا احترام اورجمہوریتی اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان میں ویلنٹائن ڈے منانے پر پابندی عائد کریں۔

نوجوانوں نے ویلنٹائن کے بجائے یوم شرم وحیاء مناکر غیرت اسلامی کا ثبوت دیا ہے،ویلنٹائن ڈے کے حامی مغربی دنیا سے متاثر بے راہ رو ؤں کا ٹولہ ہے ،ہمارا معاشرہ اس قسم کی کسی بے حیائی کی اجازت نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان آج مغربی دنیا کے بے حیائی اور بیہودگی کو فروغ دینے والے تہوار کے مقابلے میں ملک بھر میں ”یوم شرم و حیا“ منا کر ملک کے نوجوانوں کو بے حیائی اور بیہودگی پر مبنی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے شرم وحیاء کا پرچار کررہے ہیں جو انتہائی خوش آئند امر اور مسلمانوں کی دینی حمیت کا اظہار ہے۔

متعلقہ عنوان :