فیصل ممتاز راٹھور کا سانحہ نکیال پر انتہائی افسو س کا اظہار

شہید چوہدری منشی خان کا خون رائیگان نہیں جائے گا وزیر برقیات آزاد کشمیر

اتوار 14 فروری 2016 16:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر وزیر برقیات فیصل ممتاز راٹھور نے سانحہ نکیال پر انتہائی افسو س کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کنونشن میں شرکت کیلئے آنے والے پر امن جلوس پر سالار کرپشن کے حواریوں اور مسلم لیگ کے گلو بٹوں کی طرف سے بلاجواز پتھراؤ اور فائرنگ افسوس ناک ہے ۔

ایک بیا ن میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے حواریوں کی طرف سے پاکستان پیپلزپارٹی کے بزرگ راہنما چوہدری منشی کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید چوہدری منشی خان کا خون رائیگان نہیں جائے گا۔ منشی خان کے قاتلوں کو کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے۔ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ سکندر حیات امرانہ سوچ کا حامل ہے جو دھونس دھاندلی کی بنیاد پر قائم اپنی حکمرانی کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوتے دیکھ کر حواس باختہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا خطہ اعلی ٰ سیاسی روایات اور اقدار کا امین ہے ۔خورشید ملت کے ایچ خورشید ،غازی ملت سردارمحمد ابراہیم خان،مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان،فخر کشمیر ممتاز حسین راٹھور مرحوم اور دوسرے سیاسی اکابرین نے آزاد کشمیر میں ہمیشہ باہمی احترام ،رواداری ،جمہوری روایات اور اعلیٰ اقدار کو پروان چڑھایا جب کہ سردار سکندر حیات نے ہمیشہ دھونس دھاندلی ،بدامنی، کرپشن، اقربا پروری ،قبیلائی ازم اور عدم برداشت کو فروغ دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی سکندر حیات خان خورشید ملت کے ایچ خورشید اور ممتاز حسین راٹھور کے دورہ کوٹلی کے دوران اس طرح کی گھٹیاحرکتیں کر چکا ہے۔ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ سکندر حیات بڑے خول میں ایک چھوٹا انسان ہے جو اپنی پیرانہ سالی میں بھی لاشیں گرا کر اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے لیکن چوہدری منشی خان شہید کے خون نے جاوید اقبال بڈھانوی کی دوبارہ کامیابی امرکر دی ہے انہوں نے کہا کہ چند وفاقی وزراء کی ایماء پر آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو خراب کیا جارہا ہے جنہیں پاکستان میں کوئی گھاس بھی نہیں ڈالتا وہ آزاد کشمیر میں وائسرئے بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم نے گزشتہ پانچ سال عوام کی بلا تحصیص خدمت کی ہے اس لئے مسلم لیگ ن اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے پہلے وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی فنڈ ز روک کر تعمیر وترقی کے تسلسل کو خراب کرنے کی کوشش کی اور اب وفاقی وزراء ان کے گماشتوں نے اپنی ناکامی کو بانپ کر آگ اور خون کی ہولی کھیلنا چاہی لیکن آزاد کشمیر کے غیور عوام نے نالائق لیگ کی افرا تفری کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ۔انہوں نے مذید کہا کہ چوہدری منشی خان شہید کا خاندان اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھے پور ی پیپلزپارٹی ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور منشی خان شہید کے قاتلوں کو پھانسی کے پھندے تک پہنچائیں گے۔

متعلقہ عنوان :