لاہورآرٹس کونسل الحمراء ادب وثقافت کے فروغ کا قلعہ ہے ۔ایگز یکٹو ڈائر یکٹر کیپٹن عطاء محمد خان

اتوار 14 فروری 2016 15:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 فروری۔2016ء) ایگز یکٹو ڈائر یکٹر لاہورآرٹس کونسل (الحمراء)کیپٹن(ر) عطاء محمد خان نے جب اپنا عہدہ سنبھالا تو ان کے عزم میں یہ بات شامل تھی کہ انھوں نے لاہور آرٹس کونسل کو جہاں پروگرامنگ میں اوج ثریا کے مقام پر لے کر جانا ہے وہاں کونسل کو دیگر امور میں ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے ،جب انھوں نے اس عہدے پر کام شروع کیا تو کچھ ہی عرصہ میں ثابت کیا کہ نہ صرف کونسل کی پروگرامنگ کی رفتا تیز ہوئی ہے بلکہ اس کا معیار بھی بہتر ہوا ہے، جس کی حالیہ مثال الحمراء میں ہر سال ہونے والی الحمراء عالمی ادبی وثقافتی کانفرنس کو فیسٹیول کی شکل میں ہے اس فیسٹیول کی وجہ سے الحمراء کا امیج بین الاقوامی ثقافتی ادارے کے روپ میں سامنے آیا ہے اسکے علاوہ ان کا جو قابل ذکر کا ر نامہ ہے وہ یہ کہ 30برس سے بند پڑے الحمراء سٹوڈیو اور ریکاڈنگ روم کو دوبارہ سے شروع کرناہے جس پر انھوں نے خصوصی توجہ دی ہے اور آج اس میں دوبارہ کام شروع ہو گیا ہے،ترجمان الحمراء صبح صا د ق کے مطابق اس سٹوڈیومیں الحمراء سیزن( I)کے نام سے آڈیو اور وڈیو ریکارڈنگ کا کام شروع ہو گیا ہے اور بہت جلدسی ڈیز منظر عام پر آجائیں گی۔

(جاری ہے)

اس منصوبے میں باصلاحیت اور نوجوان گلو کاروں کو متعارف کرایا جارہا ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے کونسل کی کارگردگی کو عالمی سطح پر متعارف کروانے کے لئے ایک سلسلہ یہ شروع کررکھا ہے کہ وہ گاہے بگا ہے مختلف ممالک کے ساتھ مل کر مختلف قسم کی ادبی وثقافتی پروگرام ترتیب دیتے رہتے ہیں اور اب تک درجنوں ممالک ان کے دور میں یہاں لاہور آرٹس کونسل کے پلیٹ فارم پر اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں،جس سے پاکستانی عوام کونہ صرف معیاری تفریح کا سامان مہیا ہوتا ہے بلکہ یہ قوم دنیا کے مختلف کلچر سے متعلق کی معلومات حاصل کرتی ہے۔

اب تک نیپال ،آسٹریا،ڈنمارک ،ملائیشیاء اورجرمنی کے ثقافتی وفود اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ ان تمام امور کے ساتھ ساتھ الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کو اعلیٰ تعلیمی ادارے کا درجہ دینے کے لئے کام جاری ہے اور روائتی اور جدید سازوں پر مشتمل بین الاقوامی معیار کا آرکسٹر ابھی ترتیب دیا جارہا ہے۔