اوورسیزپاکستانیزکمشن پنجاب نے موصول ہونے والی 22ہزار شکایات میں سے55فیصدکاازالہ کردیا

شکایات پرسرکاری افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی،زیرسماعت کیسزکے جلد فیصلوں کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیاجا رہاہے اوورسیزکمشن پاکستان پنجاب کی کارکردگی سے متاثرہوکر آزادکشمیر میں بھی اسی نوعیت کا ادارہ قائم کیاجا رہا ہے کمشن سرمایہ کاری کے فروغ اور ملکی ترقی کیلئے اوورسیزپاکستانی شہریوں کے کردار کو سراہتا ہے، محمدافضال بھٹی کا کنونشن سے خطاب

اتوار 14 فروری 2016 15:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 فروری۔2016ء) کمشنر اوورسیز پاکستانیزکمشن پنجاب محمد افضال بھٹی نے کہا ہے کہ کمشن کو قیام کے ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 2200شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 55فیصد کا ازالہ کر دیا گیا ہے ۔بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی شکایات پر مختلف سرکاری افسران و ملازمین کے خلاف کیسز اینٹی کرپشن کو بھجوائے گئے جبکہ عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کے جلد فیصلوں کیلئے بھی لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے جس کیلئے عدالت عالیہ اور وزارت قانون کے حکام کودرخواست کی جاچکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چےئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمشن خالد شاہین ، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن عامر جان، ضلعی چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمشن گجرات و سیالکوٹ ،اراکین اسمبلی چوہدری شبیر احمد، طارق سبحانی، چوہدری اجمل، چوہدری سلیم ودیگرنے بھی کنونشن میں اظہار خیال کیا جبکہ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اوورسیز پاکستانیز بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمشن محمد افضال بھٹی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کے مطابق اوورسیز پاکستانیز کمشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح کے لئے ادارہ ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی خواہ وہ کوئی بھی سیاسی نظریات رکھتے ہوں اپنی شکایات کے ازالہ کے لئے کمشن سے رجوع کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ کمشن بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ملکی ترقی کے لئے انکی تجاویز سے بھی آگاہی حاصل کرتا ہے ۔

انہوں نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے عزیز اقارب کو پاور آف اٹارنی نہایت احتیاط سے دیں تاکہ کوئی آپکے اعتماد کاناجائز فائدہ نہ اٹھاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی براہ راست اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب کی ویب سائٹ یا ٹال فری نمبر پر کال کرکے اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں ۔کمشن کا عزم ہے کہ وہ اس پر اعتما د کرنیوالوں کی ہر ممکن داد رسی کریگا۔

وائس چےئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب خالد شاہین نے کہا کہ کمشن کے لئے صرف اور صرف پاکستانیز اہم ہیں اور اسکا ثبوت کنونشن میں مسلم لیگ (ن )کے علاوہ دیگر سیاسی نظریات سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمشن کو دیگر صوبوں سے بھی اس نوعیت کے کمشن کے قیام کے لئے مدد کی درخواست ملی ہے جسے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے بخوشی منظور کر لیا ہے ، جلدہی آزاد کشمیر میں اس نوعیت کا ادارہ قائم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں اوورسیز کی شکایات کا ازالہ کمشن کی بہترکارکردگی کا ثبوت ہے۔ ضلعی چےئرمین اوورسیز کمشن گجرات ایم پی اے چوہدری شبیر احمد نے کہا کہ ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ اور ڈی پی او رائے ضمیر الحق کے بھرپور تعاون کی وجہ سے کمشن نے ضلع گجرات میں موصول ہونیوالی 103میں سے 50شکایات کا ازالہ کر دیا ہے۔27شکایات پر ابتدائی رپورٹ کمشن کو بھجوا دی گئی ہے جبکہ باقی کورٹ کیسز کی وجہ سے فی الحال زیر التوا ہیں۔ ضلعی چےئرمین سیالکوٹ ایم پی اے محمد طارق سبحانی نے کہا کہ کمشن کا قیام اس امر کا ثبوت ہے کہ قیادت کی سطح پر حکومت کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا ادراک ہے اور وہ ان کے حل کیلئے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :