،زراعت اور لائیوسٹاک حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، رانا بابرحسین

اتوار 14 فروری 2016 15:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 فروری۔2016ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ جانور پال حضرات لائیوسٹاک سے متعلقہ اشیاء کی برآمدات بڑھانے پر زور دیں ،زراعت اور لائیوسٹاک حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں ،پاکستان بنیادی طو رپر زرعی ملک ہے مگر کسی حکومت نے یہاں زراعت پر توجہ نہیں دی اور وزیر اعظم نوازشریف نے زرعی پیکج کا اعلان کرکے کسانوں کے دل جیت لئے ہیں ،کسان اب مزید محنت سے کام کررہے ہیں ،پنجاب نے متوازن لائیو سٹاک پالیسی تیار کی ہے ،کسان اس پالیسی سے فائدہ اٹھائیں ،کینڈا سے زراعت اوردیگر شعبوں میں تعاون کرکے ہم دو ارب ڈالر تک کی تجارت کرسکتے ہیں،پا ک چین معاہدے ملک میں معاشی انقلاب کاباعث ہوں گے ، چارہ کی کاشت بروقت یقینی بنائی جائے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ زراعت ،صنعت اور لائیوسٹاک کی ترقی کے لئے حکومت پنجاب دن رات کام کررہی ہے ،محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پر خالی اسامیاں پر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے ،ساہی وال کول پراجیکٹ ،بھکی ،حویلی بہادر شاہ،بلوکے منصوبے ملک سے توانائی کا بحران ختم کرنے کے لئے مدد گار ثابت ہوں گے ،اقتصادی راہ داری کی مخالفت کرنے والے ملک سے مخلص نہیں ہیں،انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کا ویژن ہے کہ زرعی شعبہ کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر منسلک کر کے ایک ایسے فعال شعبہ میں تبدیل کیا جائے جو نہ صرف فوڈ سیکیوڑٹی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہو بلکہ اس شعبہ سے حاصل ہونے والی مصنوعات بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے ساتھ مقابلہ کی اہلیت رکھتی ہوں۔

(جاری ہے)

اس ویژن کے حصول کے لئے اداروں اور منڈیوں میں اصلاحات، اصلاح آبپاشی اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہ داری کی مخالفت کرنے والے عوام کو کیوں نہیں بتاتے کہ سندھ میں توانائی کے منصوبوں پر لاگت پنجاب میں لگنے والے منصوبوں سے کئی گنا زیادہ ہے ، توانائی کے بحران پر قابو پانے سے زراعت میں بہت بہتری آْئے گی،