(ن) لیگ نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا ،صوبائی خود مختاری واپس لینے سے وفاق پر منفی اثرات مرتب ہونگے ‘ مخدوم احمد محمود

پیپلز پارٹی بڑی پارٹی ہے اسے میڈیا مینجمنٹ کے ذریعے آؤٹ کیا گیا ،پیپلز پارٹی جلد ابھرے گی اور دنیا دیکھے گی ‘ صدر پی پی جنوبی پنجاب

اتوار 14 فروری 2016 15:08

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود نے نے کہا ہے کہ (ن) لیگ نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا ،صوبائی خود مختاری واپس لینے سے وفاق پر منفی اثرات مرتب ہونگے ۔یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین اور پیپلز لیبر بیورو پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد سلیم مغل سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کہ قومی اداروں کی نجکاری کے نام پر لوٹ مار غریب ملازمین کا معاشی قتل عام بدترین انتقامی کارروائیاں حکومت کا اصل منشور اور ایجنڈا ہے پیپلز پارٹی ایسی سنگین صورتحال میں خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتی اس سلسلہ میں پارلیمنٹ میں بھرپور آواز اٹھائی جائیگی اور اگر بات نہ مانی گئی تو پھر سڑکوں پر ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آمریت میں بھی ایسے حالات نہیں دیکھے تھے جیسے آج دیکھ رہے ہیں ۔حکمرانوں نے سسٹم مفلوج کر کے رکھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب افراد کی خواہش اور افراد کیخلاف آرڈیننس اور قانون سازی شروع ہو جائے تو یہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہوتا ہے ۔ضلع رحیم یار خان میں پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کیلئے نئی قانون سازی کی گئی ۔پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو اس طرح روندنا بڑی زیادتی ہے رحیم یار خان میں ہمارے چیئرمینوں پر بڑاظلم کیا گیا لیکن باوجود ہمارے منتخب چیئرمین حکومت کے جبر اور دھونس کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا پتہ نہیں کب سیکھیں گے ان کی سوچ آج بھی آمرانہ دور کی عکاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بڑی پارٹی ہے اسے میڈیا مینجمنٹ کے ذریعے آؤٹ کیا گیا پیپلز پارٹی جلد ابھرے گی اور دنیا دیکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :