پنجاب میں آزاد حیثیت سے کامیاب 2900 بلدیاتی نمائندے (ن)میں شامل ،بلدیاتی نمائندوں کی تعداد 6100 ہوگئی

اتنی تعداد میں منتخب نمائندوں کی شمولیت حکومتی پالیسیوں پر اطمینان کا ثبوت ،پنجاب سے پی پی کے بعد پی ٹی آئی کا بھی صفایا کردیا ‘ رانا ثنا اللہ

اتوار 14 فروری 2016 15:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 فروری۔2016ء) پنجاب میں آزاد حیثیت سے کامیاب 2900 بلدیاتی نمائندے مسلم لیگ (ن)میں شامل ہوگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں حکمران جماعت کے بلدیاتی نمائندوں کی تعداد 6100 ہوگئی ۔

(جاری ہے)

پنجاب میں گزشتہ برس مختلف مراحل میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کے 3ہزار 200 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار رہے تھے تاہم ان میں سے 2ہزار 900 منتخب نمائندے حکمران جماعت میں شامل ہوگئے ہیں جس کے بعد اب صوبے بھر میں مسلم لیگ (ن)کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی تعداد 6100ہوگئی ہے۔

اس طرح مسلم لیگ (ن)کو خواتین کی مخصوص نشستوں اور دیگر انتخابی مراحل میں واضح اور فیصلہ کن اکثریت ہوگئی ہے۔اس سلسلہ میں صوبائی وزیرقانون وپارلیمانی امور رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ 2900 آزاد منتخب نمائندوں کی مسلم لیگ (ن)میں شمولیت حکومتی پالیسیوں پر اطمینان کا ثبوت ہے۔ مسلم لیگ (ن)نے پنجاب سے پیپلزپارٹی کے بعد اب تحریک انصاف کا بھی صفایا کردیا ہے۔