نامور نعت گو شاعر اور دانشور بشیر حسین ناظم کی یاد میں خصوصی نشست (کل) ہوگی

اتوار 14 فروری 2016 14:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 فروری۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں "مت سمجھو ہم نے تمھیں بھلادیا" سلسلے میں نامور نعت گو شاعر اور دانشور بشیر حسین ناظم کی یاد میں ایک خصوصی نشست (کل)پیرکو دن گیارہ بجے یونیورسٹی کے اکیڈمک کمپلیکس میں منعقد ہوگی ۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی تقریب کی صدارت کریں گے جبکہ بشیر حسین ناظم کی شخصیت اور نعت گوئی کے حوالے سے ان کی خدمات پر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے سابق ریکٹر پروفیسر فتح محمد ملک اور نامور شاعر اور ادیب پروفیسر احسان اکبر روشنی ڈالیں گے۔

اس تقریب کا انتظام و انصرام یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکشن کے ڈاکٹر ثاقب ریاض کررہے ہیں۔بشیر حسین ناظم کو بہترین نعت خوان قرار دیتے ہوئے " پرائڈ آف پر فارمنس "ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ انہوں نے روزنامہ نوائے وقت کے لئے بھی کئی دہائیوں تک کام کیا۔ وہ عربی اور فارسی دونوں زبانوں پر دسترس رکھتے تھے اور ان کی نعت خوانی کا انداز بے مثال تھا۔