شام میں زخمی 1500 جنگجووٴں کا ایران میں علاج معالجہ کیا رہا ہے،عرب میڈیا کا دعویٰ

ایران کے بقیہ اللہ ہسپتال میں زیر علاج جنگجوؤں کا تعلق پاکستان، افغانستان اور عراق سے ہے،رپورٹ

اتوار 14 فروری 2016 13:58

شام میں زخمی 1500 جنگجووٴں کا ایران میں علاج معالجہ کیا رہا ہے،عرب میڈیا ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 فروری۔2016ء) عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں زخمی ہونیوالے 1500جنگجوؤں کاایران میں علاج معالجہ کیا جارہا ہے ،ان جنگجوؤں کا تعلق پاکستان، افغانستان اور عراق سے ہے ۔عرب خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پچھلے کچھ عرصے کے دوران شام میں باغیوں کے ساتھ لڑائی میں زخمی ہونے والے 1500 جنگجووٴں کو ایران کے بقیہ اللہ اسپتال میں علاج کے لیے لایا گیا۔

ان میں عراق، افغانستان اور پاکستانی جنگجو بھی شامل ہیں۔اسپتال کے ڈائریکٹر علی رضا جلالی کا کہنا ہے کہ شام میں زخمی ہونے کے بعد علاج کے لیے بقیہ اللہ اسپتال لائے جانے والوں میں 425 پاسداران انقلاب کے اہلکار جب کہ باقی رضاکار ملیشیا کے 1049 جنگجو شامل ہیں۔ادھر ایک دوسری خبرمیں بتایا گیا ہے کہ شام میں ایک ہفتے کے دوران ایرانی پاسداران انقلاب کے مزید 42 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ہلاکتیں شمالی شہر حلب میں نبل اور الزھراء قصبوں پر قبضوں کے لیے ہونے والی لڑائی کے دوران ہوئیں۔ایران کے فارسی ذرائع ابلاغ نے حال ہی میں شام کے جنگ زدہ شہر حلب میں شامی اور ایرانی فوجیوں کے زیراستعمال فوجی گاڑیوں کی تصاویر بھی شائع کی ہیں۔ ان تصاویر میں پاسداران انقلاب کے زیراستعمال ”کویران“ نامی گاڑیاں بھی شامل ہیں جب پر راکٹ لانچر نصب کیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کیمطابق ”کویران“ فوجی گاڑیوں پر 107 ملی میٹر دھانے والے ”فجر1“ راکٹوں کے لانچر نصب ہیں اور انہیں چھ فروری کو شمالی حلب میں لڑائی کے دوران استعمال بھی کیا گیا۔