بلوچستان،سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 12 دہشتگرد ہلاک،10گرفتار

سکیورٹی فورسز نے سبی میں اطلاعات ملنے پر آپریشن کیا ، دہشتگردوں کے دو ٹھکانے تباہ ، اہم کمانڈر ماراگیا

اتوار 14 فروری 2016 11:27

سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 فروری۔2016ء) بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت12دہشتگرد مارے گئے جبکہ 10کو گرفتار کرلیا گیا ۔سبی کے علاقے سمنگان میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت12دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر سبی کے علاقے سمنگان میں دہشت گردوں کی موجودگی پر سرچ آپریشن کیا گیا جس میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر اسلم عرف اچھو سمیت 12دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔

ایف سی ترجمان کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا جبکہ ان ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر اسلم عرف اچھو 1999ء سے مطلوب تھا جبکہ اسکے سر کی قیمت30لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی ۔ ترجمان بلوچستان حکومت انوار الحق کاکڑ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے سبی کے علاقے میں آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر اسلم عرف اچھو سمیت بارہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دس کو گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے دو ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔ بڑی تعداد میں ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :