تھر میں غذائی قلت کے خاتمے کیلئے عالمی ادارہ خوراک کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں،چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن

ہفتہ 13 فروری 2016 22:04

بدین ۔ 13 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 فروری۔2016ء) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہا ہے کہ مستحق خواتین کو آئندہ ماہ سے دی جانے والی امدادی رقم میں اضافہ کیا جارہا ہے اور انہیں 4500 روپئے کے بجائے 4700 روپئے دیے جائینگے ۔تھر میں غذائی قلت کے خاتمے کیلئے عالمی ادارہ خوراک کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔

ہفتہ کو پریس کلب بدین میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پسماندہ اور غریب عوام کی بہتری اور فلاح کیلئے وزیراعظم میاں نواز شریف نے جو وعدے کیے ہیں انہیں پورا کرنے کیلئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت نادار خواتین کو دی جانے والی امداد 4500 سے بڑھا کر 4700 روپئے کی جارہی ہے اور اضافی رقم دینے کا سلسلہ مارچ سے شروع ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جولائی 2015 سے فروری 2016ء تک کے آٹھ ماہ کیلئے اضافی رقم بھی مستحقین کو ادا کی جائیگی ۔ ماروی میمن نے تھر میں معصوم بچوں کی اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تھر میں اموات شدید غذائی قلت کے نتیجے میں ہو رہی ہیں اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر عالمی ادارہ خوراک سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور جلد اس سلسہ میں مثبت پیش رفت متوقع ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر تھر کا دورا کر رہی ہیں اور وزیراعظم کی جانب سے بچوں کی اموات پر لواحقین سے تعزیت بھی کریں گی۔ انہوں نے کہا تھر کی صورتحال پیش نظر تمام لوگوں کو سیاست کو بالائے تاق رکھ کر وہاں کے غریب اور مسکین لوگوں کی مل جل کر مدد کرنی چاہیے ۔ قبل ازیں پریس کلب بدین آمد پر پریس کلب کے صدر ملک محمد الیاس نے ماروی میمن کو روایتی چنری کا تحفہ پیش کیا ۔