محکمہ تعلیم پنجاب کاکوالٹی ایجوکیشن پر بھرپور فوکس ہے‘یوینورسٹی آف لندن سمیت متعدد بین الاقوامی اداروں کے ذریعے اساتذہ کی ٹریننگ کا بڑا پروگرام شروع کردیا۔رانا مشہود احمد خاں

ہفتہ 13 فروری 2016 22:04

لاہور۔ 13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 فروری۔2016ء ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے محکمہ تعلیم پنجاب اساتذہ کی ٹریننگ،طلبا وطالبات کی کارکردگی کے صحیح جائزے اور نصاب تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اہداف پر پوری تندہی سے کام کررہا ہے۔

یونیورسٹی آف لندن سمیت ایجوکیشن سیکٹر میں کام کرنے والی دنیا کی بہترین کمپنیوں کے ذریعے پنجاب میں ٹیچر ٹریننگ کا سب سے بڑا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے روز یہاں کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کے حوالے سے منعقد ہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بحرین کی کوالٹی ایجوکیشن کے سلسلے میں مشاورتی کمپنی ایتکان کی طرف سے حکومت پنجاب کے زیر تحت تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن یقینی بنانے کے لئے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سکول ایجوکیشن اورہائر ایجوکیشن کے اعلی حکام بھی شریک تھے۔رانا مشہود احمد نے شرکاء کو بتایا کہ حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران انگلینڈ میں اساتذہ کی ٹریننگ کے ماڈل کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وزیراعلی کی ہدایت پر یونیورسٹی آف لندن کے حکام سے مذاکرات اور ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔وزیراعلی کے تعلیمی ویژن میں فروغ تعلیم کے لئے اساتذہ کرام جو کسی بھی تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں کی تربیت انتہائی اہم اور ضروری ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اساتذہ کی ٹریننگ کے لئے برٹش کونسل کو بھی آن بورڈلیا گیا ہے۔علاوہ ازیں اس شعبے میں بہترین شہرت رکھنے والی متعدد غیر ملکی کمپنیوں سے بھی بات چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بحرین کے ادارے ایتکان کے کوالٹی ایجوکیشن کے قیام کے لئے اپنائے گئے طریقہ کار، اساتذہ،طلبا اور تعلیمی اداروں پر فوکس کی حکمت عملی پر ہمارے محکمہ تعلیم پنجاب کے سینئر افسران پر مشتمل کمیٹی غور کرے گی اور کمیٹی کے فیصلے کے مطابق اس معاملے پر پیش رفت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی حتمی منظوری کے بعد تعلیمی شعبے میں کوالٹی ایجوکیشن کے اس منصوبے کو شرع کیا جائے گا۔