وزیر اعلیٰ سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات‘دو طرفہ تعلقات اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

برداشت و میانہ روی پر مبنی پاکستانی معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے جو ضرور حاصل کریں گے۔ قائداعظم کے پاکستان میں دہشتگردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ، دہشتگردی کیخلاف پوری پاکستانی قوم یکسو ہے۔شہبازشریف

ہفتہ 13 فروری 2016 21:51

لاہور۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ہفتہ کے روز یہاں امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصاً توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کی دوستی کثیرالجہتی تعلقات پرمبنی ہے اور امریکہ کا پاکستان کے توانائی شعبہ میں بڑھتا ہوا تعاون لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے جس کے باعث توانائی کی ضروریات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔پاک امریکہ تعلقات کا ذکرکرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ رواداری، تحمل اور برداشت کو فروغ دینے میں ایک دوسرے کے پارٹنرز ہیں اور دونوں ملک امن ،رواداری اور برداشت کو فروغ دینے میں یکساں سوچ کے حامل ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں تحمل،برداشت اورمیانہ روی پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہمارا مشن ہے اورر قائداعظم کا یہ عظیم مقصد ضرور حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور تحمل، رواداری اور میانہ روی کو فروغ دے کر ہی قائد کے تصورات کے مطابق فلاحی ریاست قائم کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔ معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانیوالے انسانیت کے دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے امریکی تعاون کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتے ہیں ۔آنے والے وقت میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔وزیراعلیٰ شہباز شریف انتہائی محنت سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اورشہبازشریف کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔

متعلقہ عنوان :