ندی نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے، میونسپل کمشنر بلدیہ غربی

ہفتہ 13 فروری 2016 21:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء)میونسپل کمشنر بلدیہ غربی اشفاق احمد ملاح نے کہا ہے کہ بلدیہ غربی کی حدود میں موجود ندی نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیماڑی زون میں جاری ندی نالوں کی صفائی کے کام کا معائینہ کرتے ہوئے کیا انہوں نے موقع پر موجود افسران کوہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ندی نالوں کی صفائی کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے کیماڑی، اورنگی، بلدیہ اور سائٹ زون میں موجود تمام ہلکی و بھاری مشینری کے ذریعہ نالوں سے کچرہ نکالنے اور ٹھکانے لگانے کا عمل شب وروز جاری رکھا جائے انہوں نے نالوں کے اوپر اور اطراف تجاوزات کے خاتمہ کا کام تسلسل سے جاری رکھنے کی ہدایت کی جبکہ صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا کا م بھی باقاعدگی سے جاری رکھنے کے احکامات دیئے اس موقع پربلدیاتی افسران نے میونسپل کمشنر کو ندی نالوں کی صفائی کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ تمام تردستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ندی نالوں کی صفائی کا عمل شب وروز جاری ہے تجاوزات کے خاتمے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے تمام علاقوں میں صفائی کا عمل بھر پور طریقہ سے جاری ہے کچرہ وملبہ کی منتقلی کیلئے تمام ہلکی وبھاری مشینری کی درست حالت میں موجودگی کو یقینی بنایا جارہا ہے اس موقع پر انکے ہمراہ بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔